
احمد آباد، 11 ستمبر (ہ س)۔ اڈانی انٹرنیشنل اسکول، احمد آباد میں جمعہ کو آئی ایس ایس او شطرنج کھیلوں کا آغاز ہوا۔ دو روزہ مقابلے میں ملک بھر کے 102 انٹرنیشنل اسکولوں کے 427 نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مقابلہ 11 اور 12 ستمبر کو منعقد کیا جا رہا ہے۔
مقابلے میں انڈر-11، انڈر-14، انڈر-17 اور انڈر-19 عمر کے زمروں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے الگ الگ مقابلے ہو رہے ہیں۔ ان کھیلوں کے ذریعے طلبہ کو ملک بھر سے اپنے ہم عمر کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کرنے اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
افتتاح کے موقع پر بھارتی گرینڈ ماسٹر آر پرگیانانند بھی موجود تھے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں اعتماد اور جوش کے ساتھ مقابلے میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ پرگیانانند کے ساتھ گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی نے بھی مقابلے میں پہنچ کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور نوجوان صلاحیتوں کو مسابقتی کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ہرش سنگھوی نے کہا کہ صلاحیتوں کی ابتدائی سطح پر شناخت کرنا اور اسکول کی سطح پر انہیں نکھارنے اور فروغ دینے کے لیے مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنا بھارت کے کھیلوں کے مستقبل کی تعمیر کے لیے اہم ہے۔ ان کے مطابق آئی ایس ایس او شطرنج کھیل جیسی مقابلہ جاتی سرگرمیاں نوجوان کھلاڑیوں کو مقابلہ کرنے، تجربہ حاصل کرنے اور اپنے کھیل کے سفر میں اگلے مرحلے کی جانب بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
گرینڈ ماسٹر آر پرگیانانند نے کہا کہ یہ دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے کہ ملک بھر کے اسکولوں سے اتنے نوجوان کھلاڑی ایک ساتھ آئے ہیں اور انہیں اس سطح پر مقابلہ کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں کو دباو¿ میں اپنی کھیل کی صلاحیت بہتر بنانے اور مسابقتی ماحول سے ہم آہنگ ہونے میں مدد دیتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام کھلاڑی اس تجربے سے لطف اندوز ہوں گے، ہر مقابلے سے سیکھیں گے اور محنت کرتے ہوئے شطرنج کے تئیں اپنے شوق کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے آکر خوش ہیں اور سب کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔
دو روزہ مقابلے میں چار عمر کے زمروں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے الگ الگ مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ مقابلے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں میں حکمت عملی کے تحت سوچنے، یکسوئی، فیصلہ سازی اور چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے ساتھ انہیں اعلیٰ سطح کے بین اسکول مقابلوں کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔
آئی ایس ایس او کی بانی آکانکشا تھپک نے کہا کہ 102 اسکولوں کے 427 کھلاڑیوں کی شرکت اسکول کی سطح پر مسابقتی شطرنج میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔ گرینڈ ماسٹر پرگیانانند کا کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے موجود رہنا اس پروگرام کے افتتاح کو مزید خاص بناتا ہے۔ انہوں نے آئی ایس ایس او اور نوجوان طلبہ کے لیے بامعنی کھیل کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں میں مسلسل تعاون کے لیے اڈانی گروپ کا شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس ایس او کے کھیلوں کو اڈانی گروپ کی حمایت حاصل ہے، جو اسکول کے طلبہ کے لیے کھیلوں کے بامعنی مواقع فراہم کرنے کی کوششوں میں مسلسل تعاون کرتا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد