
نئی دہلی، 10 ستمبر (ہ س)۔
سپریم کورٹ نے ترنمول کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کے ذاتی معاون سمیت رائے کی زمین پر قبضے کے معاملے میں دائر پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔
سماعت کے دوران مغربی بنگال حکومت کی جانب سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ شال بنی میں زمین پر قبضے کے معاملے میں سمیت رائے مبینہ طور پر تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو ان سے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس پر سمیت رائے کے وکیل گوپال شنکرنارائنن نے کہا کہ وہ عدالت کی ہدایت کے مطابق 11 مرتبہ پولیس کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔ ان سے 88 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت انہیں خاموش رہنے کا حق حاصل ہے۔
اس سے قبل عدالت نے 6 اگست کو سمیت رائے کی گرفتاری پر روک لگا دی تھی۔ سپریم کورٹ نے سمیت رائے کو تفتیش میں شامل ہو کر تعاون کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس سے پہلے کلکتہ ہائی کورٹ نے سمیت رائے کو پیشگی ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ تفتیش کے اس مرحلے پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
شال بنی معاملہ مغربی مدنی پور ضلع میں تقریباً 300 ایکڑ سرکاری زمین سے متعلق مبینہ جعل سازی اور گھوٹالے سے جڑا ہوا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ