
نئی دہلی، 10 ستمبر(ہ س)۔ قومی دارالحکومت دہلی میں 18 ویں برکس سربراہ اجلاس کی تیاریوں اور حفاظتی انتظامات کے پیش نظر راشٹرپتی بھون، راشٹرپتی بھون میوزیم اور امرت ادیان میں عام لوگوں کا داخلہ 11 سے 13 ستمبر تک بند رہے گا۔ راشٹرپتی بھون کے صحن میں ہفتہ 12 ستمبر کو ہونے والی 'چینج آف گارڈ' کی تقریب بھی منعقد نہیں ہوگی۔
صدر جمہوریہ کے سیکرٹریٹ کی جانب سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق راشٹرپتی بھون، راشٹرپتی بھون میوزیم اور امرت ادیان کے عوامی دورے 11 سے 13 ستمبر تک بند رہیں گے۔ اس مدت کے دوران کوئی 'چینج آف گارڈ' تقریب بھی نہیں ہوگی۔
18 واں برکس لیڈرز سمٹ اینڈ بزنس فورم 11 سے 13 ستمبر تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ہو رہا ہے۔ دارالحکومت میں سیکیورٹی اور ٹریفک کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں کیونکہ تقریبا 30 ممالک کے رہنماوں اور مندوبین کے کانفرنس میں شرکت کرنے کی توقع ہے۔ اس کے تحت راشٹرپتی بھون سمیت اہم سرکاری اداروں میں عام لوگوں کی نقل و حرکت پر عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
برکس سربراہ اجلاس کے پیش نظر دارالحکومت میں مرکزی اور دہلی حکومت کے دفاتر 11 ستمبر کو بند رہیں گے۔ اسکول اور عدالتیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔ کانفرنس کے دوران ٹریفک کے ہموار بہاو اور عام لوگوں کو کم سے کم تکلیف کو یقینی بنانے کے لیے دہلی کے مختلف حصوں میں ٹریفک پابندیاں اور خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی رہنماو¿ں اور وفود کی آمد کے پیش نظر نئی دہلی کے علاقے میں حفاظتی انتظامات کو خاص طور پر مضبوط کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ان دنوں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک کے رہنما اصولوں پر عمل کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی