
پریاگ راج میں راہل گاندھی کا پروگرام فلاپ، نوجوان انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتے: صنعتی ترقی کے وزیر
پریاگ راج، 09 اگست (ہ س)۔
اتر پردیش حکومت کے صنعتی ترقی کے وزیر نند گوپال گپتا نندی نے اتوار کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی کے پریاگ راج میں طلبہ سے مکالمے کے پروگرام پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو طلبہ کے مستقبل کی نہیں بلکہ اپنے سیاسی مستقبل کی فکر ہے۔ پریاگ راج میں راہل گاندھی کا پروگرام فلاپ رہا، جو یہ بتاتا ہے کہ نوجوان انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے کندھوں پر سوار ہوکر اقتدار تک پہنچنے کی راہل گاندھی کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔
وزیر نندی نے سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں کہا کہ کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتوں کی جن ریاستوں میں حکومتیں ہیں، وہاں طلبہ کے مستقبل سے متعلق مسائل پر پیدا ہونے والی پریشانیوں کے حوالے سے راہل گاندھی کی خاموشی ان کے قول و فعل کے فرق کو بے نقاب کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خاندان میں پیدا ہونے کی وجہ سے راہل گاندھی کو بچپن سے ہی وزیر اعظم بننے کا خواب دکھایا گیا۔ یہی خواب اب ان کے لیے سیاسی مایوسی کا سبب بن گیا ہے۔ نندی نے الزام لگایا کہ طلبہ کے مسئلے پر راہل گاندھی کا پریاگ راج دورہ موقع پرستی اور سیاسی دکھاوے کی مثال ہے۔
صنعتی ترقی کے وزیر نے کہا کہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے راہل گاندھی کو پریاگ راج کے سلوری، بگھاڑا اور تیلیئر گنج جیسے علاقوں میں رہ کر مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کی جدوجہد کی حقیقی معلومات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کے مسائل کو سمجھنے کے بجائے ان کے مسائل پر سیاست کرنا بے حسی ہے۔
نندی نے کہا کہ اتر پردیش میں ڈبل انجن کی حکومت طلبہ کے مستقبل کے حوالے سے پوری طرح حساس اور پرعزم ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں منظور کیا گیا پیپر لیک مخالف قانون حکومت کے اسی عزم کا ثبوت ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں ریاست میں شفاف اور غیر جانب دار بھرتی کے عمل کو ترجیح دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ریاست میں سفارش اور تعلقات کی بنیاد پر ملازمت حاصل کرنے کے دور کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ نوجوانوں کو ان کی اہلیت اور محنت کی بنیاد پر مواقع مل رہے ہیں۔
نندی نے کہا کہ پریاگ راج میں راہل گاندھی کا پروگرام جس طرح کا رہا، اس سے واضح ہے کہ نوجوان انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ ملک کا نوجوان ان کے جھوٹے وعدوں اور گمراہی کا شکار ہونے والا نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ راہل گاندھی کے وزیر اعظم بننے کا خواب صرف خواب بن کر رہ جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن