
علی گڑھ, 09 اگست (ہ س)نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قربت کے باعث علی گڑھ کے ٹپل میں مجوزہ ملٹی ماڈل لاجسٹک پارک کے قیام کی راہ مزید صاف ہوگئی ہے۔ منصوبے سے قبل ضروری سماجی اثرات کا جائزہ (ایس آئی اے) سروے مکمل کرلیا گیا ہے اور اب اس کی رپورٹ حکومت کو بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ منظوری ملنے کے بعد زمین کے حصول کا عمل شروع ہوگا۔
یمنا ایکسپریس وے صنعتی ترقیاتی اتھارٹی (وائی ای آئی ڈی اے) کی جانب سے شیارول اور ڈورپوری گاؤں کی تقریباً 165 ہیکٹیئر زمین پر لاجسٹک پارک تیار کرنے کی تجویز ہے۔ SIA سروے کے لیے گوتم بدھ یونیورسٹی کو ذمہ داری سونپی گئی تھی، جس کی ٹیم نے فیلڈ سروے مکمل کرلیا ہے۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد انتظامیہ اس کا جائزہ لے کر حکومت کو ارسال کرے گی۔
منصوبے پر تقریباً 640 کروڑ کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ یہاں 12 ویئر ہاؤس اور 6 سے زائد اسٹوریج مراکز قائم کیے جانے کی تجویز ہے، جبکہ تقریباً 10,000 افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔ وائی ای آئی ڈی اے منصوبے کی ترقی کے لیے ریکویست فار پرپوزل (آر ایف پی) تیار کروا رہی ہے۔
نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ہونے کی وجہ سے ٹپل کو لاجسٹکس کے لیے اہم مقام سمجھا جارہا ہے۔ ایئرپورٹ کے فعال ہونے کے بعد مال برداری، اسٹوریج، ویئر ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ سے متعلق سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے، جس سے علاقے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔
دوسری جانب ایئرپورٹ کے اعلان کے بعد ٹپل میں زمین کی قیمتوں اور غیر قانونی پلاٹنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ وائی ای آئی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں کی جاچکی ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ بے ضابطہ تعمیرات سے مستقبل کے ترقیاتی منصوبے متاثر ہوسکتے ہیں۔
سٹی مجسٹریٹ اتل گپتا نے بتایا کہ ایس آئی اے سروے مکمل ہونے کے قریب ہے اور رپورٹ جلد حکومت کو بھیج دی جائے گی۔ منظوری ملنے کے بعد حصولِ اراضی کی کارروائی شروع کردی جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ