
یوجین، 9 اگست (ہ س)۔ ہندوستان کے بسنت کمار میگھوال نے عالمی ایتھلیٹکس انڈر-20 چیمپئن شپ 2026 میں مردوں کی ہائی جمپ کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ راجستھان کے انوپ گڑھ کے 19 سالہ بسنت اس مقابلے کی تاریخ میں ہائی جمپ میں تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس مقابلے میں یہ ہندوستان کا دوسرا تمغہ ہے۔
بسنت نے فائنل میں 2.21 میٹر کی بہترین چھلانگ لگائی، جو ان کی ذاتی بہترین کارکردگی کے برابر ہے۔ اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے ہندوستان کو موجودہ چیمپئن شپ کا دوسرا تمغہ دلایا۔ اس سے پہلے جمعہ کو آشییش یادو نے بھالا پھینکنے کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
الجزائر کے یونس ایایچی نے طلائی تمغہ جیتا، جبکہ برطانیہ کے اوٹس پول نے کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
2.21 میٹر کی بلندی عبور کرنے کے بعد تینوں تمغہ جیتنے والے 2.24 میٹر کی اونچائی عبور نہیں کر سکے۔ اس کے بعد کاونٹ بیک کی بنیاد پر فاتح کا فیصلہ کیا گیا۔ ایاچی نے 2.21 میٹر کی بلندی اپنی پہلی کوشش میں عبور کرلی تھی، جبکہ بسنت کو اسے عبور کرنے کے لیے 2 کوششیں اور پول کو 3 کوششیں کرنا پڑیں۔ اسی بنیاد پر ایاچی نے بسنت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔
انوپ گڑھ کے رہنے والے بسنت کی یہ کارکردگی ہندوستانی ایتھلیٹکس کے لیے تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے نہ صرف عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی بلکہ انڈر-20 عالمی چیمپئن شپ میں اونچی چھلانگ کے مقابلے میں ہندوستان کے لیے پہلا تمغہ بھی یقینی بنایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن