
چنڈی گڑھ، 09 اگست (ہ س)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل آئندہ شیر پنجاب ٹی 20 لیگ میں فاضلکا فالکنز کی جانب سے کھیلیں گے۔ وہیں دھماکہ خیز آل راونڈر ابھیشیک شرما کو امرتسر سورماز، بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ کو لدھیانہ لائنز اور وکٹ کیپر بلے باز پربھسمرن سنگھ کو جالندھر واریئرز کا مارکی ( اہم ) کھلاڑی بنایا گیا ہے۔
رمن دیپ سنگھ موہالی کنگز کے مارکی کھلاڑی ہوں گے، جبکہ نوجوان تیز گیند باز گرنور برار بھٹنڈہ رائلز کی نمائندگی کریں گے۔ پنجاب کرکٹ سے وابستہ ان اہم کھلاڑیوں کی موجودگی سے شیر پنجاب ٹی 20 لیگ کی مقبولیت اور مسابقت کو فروغ ملنے کی امید ہے۔
یہ لیگ پنجاب کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو قدآور بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور اپنی صلاحیت دکھانے کے لیے بڑا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اس سے ریاست کے نوجوان کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح کے کرکٹرز سے سیکھنے اور آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے ایک سرکاری بیان میں کہا، ’’پنجاب ہمیشہ سے غیر معمولی کرکٹ صلاحیتوں کی سرزمین رہا ہے اور شیر پنجاب ٹی 20 لیگ اس صلاحیت کو سامنے لانے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ شبھمن گل، ابھیشیک شرما اور ارشدیپ سنگھ جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی ریاست کی اگلی نسل کے کرکٹرز کو تحریک دے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب مسلسل ایسے کھلاڑی تیار کرتا رہے جو اعلی ترین سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کر سکیں۔‘‘
پی سی اے کے سکریٹری گرمیت سنگھ میت ہیئر نے کہا، ’’شیر پنجاب ٹی 20 لیگ کے نئے سیزن کے لیے مارکی کھلاڑیوں کا اعلان ایک حوصلہ افزا آغاز ہے۔ ان کھلاڑیوں نے اعلیٰ ترین سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے اور ان کی شرکت پنجاب کے نوجوان کرکٹرز کو سیکھنے، مقابلہ کرنے اور آگے بڑھنے کا موقع دے گی۔ قدآور کھلاڑیوں اور ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کا یہ امتزاج پنجاب کے کرکٹ ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور ریاست کے اگلی نسل کے کرکٹرز کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔‘‘
مارکی کھلاڑیوں کی ٹیمیں
شبھمن گل - فاضلکا فالکنز
ابھیشیک شرما - امرتسر سورماز
ارشدیپ سنگھ - لدھیانہ لائنز
پربھسمرن سنگھ - جالندھر واریئرز
رمن دیپ سنگھ - موہالی کنگز
گرنور برار - بھٹنڈہ رائلز
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن