
سیئول، 9 اگست (ہ س)۔ ہندوستان کی اشمیتا چالیہا نے اتوار کو شاندار واپسی کرتے ہوئے چین کی ہان چیان شی کو شکست دے کر بی ڈبلیو ایف کوریا ماسٹرز 2026 کا خواتین کا سنگلز خطاب جیت لیا۔
26 سالہ گوہاٹی کی اشمیتا نے چوتھی سیڈ چینی کھلاڑی کے خلاف پہلا گیم 21-14 سے گنوانے کے بعد زبردست واپسی کی اور اگلے دونوں گیم 14-21، 14-21 سے جیت کر 53 منٹ میں مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
فیصلہ کن گیم میں اشمیتا ایک وقت 11-9 سے پیچھے چل رہی تھیں، لیکن کورٹ کے دوسرے سرے سے ملنے والی سازگار ڈرفٹ کا انہوں نے شاندار فائدہ اٹھایا۔ اس کے بعد انہوں نے باقی 15 میں سے 12 پوائنٹ جیت کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
مئی میں 3 ماہ کی انجری کے بعد واپسی کرنے والی عالمی نمبر 50 اشمیتا نے بی ڈبلیو ایف ٹور پر مسلسل متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ واپسی کے بعد اپنے پہلے 2 ٹورنامنٹ میں انہوں نے چائنا ماسٹرز اور ملائیشیا ماسٹرز کے کوارٹر فائنل تک کا سفر کیا تھا۔
اس خطاب سے پہلے ان کے لیے اس سیزن کی بہترین کارکردگی جون میں مکاو اوپن کے سیمی فائنل تک پہنچنا تھا، جہاں انہیں جنوبی کوریا کی رنر اپ پارک گا اون کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
نیشنل ایکسی لینس سینٹر، گوہاٹی میں پارک تائے سانگ کی نگرانی میں تربیت حاصل کرنے والی اشمیتا نے کوریا ماسٹرز کے کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ جاپان کی ہینا آکیچی کو شکست دی تھی۔ اس کے بعد سیمی فائنل میں انہوں نے اپنی ہم وطن رکشیتا رام راج کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
کوریا ماسٹرز کا خطاب ہندوستان کے لیے مسلسل دوسرا خواتین کا سنگلز بی ڈبلیو ایف ٹور خطاب ہے۔ گزشتہ ہفتے تنوی شرما نے تائی پے اوپن کا خطاب جیتا تھا۔
اشمیتا اور تنوی اب ان منتخب ہندوستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں، جنہوں نے خواتین کے سنگلز میں بی ڈبلیو ایف ٹور خطاب جیتا ہے۔ اس فہرست میں سائنا نہوال، پی وی سندھو اور دیویکا سیہاگ بھی شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن