
جموں, 09 اگست (ہ س)جموں و کشمیر پولیس نے کٹھوعہ ضلع میں ایک عادی مجرم کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا، جبکہ جموں ڈویژن کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ مبینہ منشیات فروشوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق نگری تحصیل کے ڈرالاں گاؤں کے رہائشی دیویندر کمار کے خلاف گزشتہ کئی برسوں سے مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ اس کے خلاف کٹھوعہ پولیس اسٹیشن میں حالیہ عرصے کے دوران تین مقدمات درج کیے گئے، جن میں دو اقدامِ قتل سے متعلق ہیں۔
پولیس نے دیویندر کمار کا ڈوزیئر تیار کرکے ضلع مجسٹریٹ کٹھوعہ کو پیش کیا، جس کے بعد اس کی پی ایس اے کے تحت نظربندی کے احکامات جاری کیے گئے۔ ملزم کو سینٹرل جیل کوٹ بھلوال منتقل کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا، کٹھوعہ میں چیکنگ کے دوران شرت سنگھ اور محمد مکھن کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے بالترتیب 6 گرام اور 7 گرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ہیرانگر میں پولیس نے چھتیس گڑھ کے رہائشی نریش کمار کو 381 گرام گانجا سمیت گرفتار کیا۔ وہ مبینہ طور پر کوٹاہ موڑ میں واقع اپنی کرائے کی رہائش گاہ کی جانب جا رہا تھا۔اسی طرح آر ایس پورہ کے بدھیال برہمنہ علاقے میں انشو بھگت کو 10 گرام ہیروئن سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ ڈوڈہ کے عسر علاقے کے بگر میں رندھیر سنگھ کو 150 گرام چرس سمیت حراست میں لیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ پانچوں ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر