گڑگاؤں میں دو الگ سڑک حادثات میں 3 افراد جاں بحق، ایک نوجوان خاتون شدید زخمی
گڑگاؤں، 9 اگست (ہ س)۔ گڑگاؤں میں ہفتے کی رات پیش آنے والے دو الگ الگ سڑک حادثات میں تین افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک نوجوان خاتون شدید زخمی ہے۔ پہلے حادثے میں دو افراد کی جان گئی، جبکہ دوسرے حادثے میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 25 سا
گڑگاؤں میں دو الگ سڑک حادثات میں 3 افراد جاں بحق، ایک نوجوان خاتون شدید زخمی


گڑگاؤں، 9 اگست (ہ س)۔ گڑگاؤں میں ہفتے کی رات پیش آنے والے دو الگ الگ سڑک حادثات میں تین افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک نوجوان خاتون شدید زخمی ہے۔ پہلے حادثے میں دو افراد کی جان گئی، جبکہ دوسرے حادثے میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 25 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے دونوں معاملات میں مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دھنکوٹ چوکی علاقے میں دوارکا ایکسپریس وے کے فلائی اوور پر بغیر کسی حفاظتی انتظام یا وارننگ سائن کے کھڑے کینٹر سے اسکوٹی ٹکرا گئی۔ حادثے میں اسکوٹی سوار ایک نوجوان اور دو خواتین شدید زخمی ہوگئیں، جن میں سے نوجوان اور ایک خاتون کی دورانِ علاج موت ہوگئی، جبکہ دوسری خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس ترجمان سندیپ کمار کے مطابق حادثہ ہفتے کی دیر رات بی پی ٹی پی سوسائٹی کے سامنے پیش آیا۔ گاؤں بابوپور کے رہائشی پنکج سوامی نے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا کہ وہ اپنی کار سے دوارکا ایکسپریس وے کے راستے گھر واپس جا رہے تھے۔ ان کے آگے ایک اسکوٹی پر ایک نوجوان اور دو خواتین سوار تھیں۔

اسی دوران فلائی اوور پر ایک کینٹر کھڑا نظر آیا، لیکن اس کے اطراف کوئی حفاظتی رکاوٹ، اشارہ یا وارننگ لائٹ موجود نہیں تھی۔ اسکوٹی کینٹر کے پچھلے حصے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں تینوں سوار شدید زخمی ہوگئے۔

راہگیروں نے زخمی دونوں خواتین کو منی پال اسپتال جبکہ نوجوان کو وائبرینٹ اسپتال پہنچایا۔ زخمی نوجوان کی شناخت دہلی کے کرکرولا کے رہائشی لکشیا گہلوت کے طور پر ہوئی، جسے ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ دوسری جانب دہلی کے وکاس نگر کی رہائشی ندھی نے منی پال اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔

حادثے میں زخمی تیسری خاتون انکیتا کماری، جو دہلی کے کوٹلہ وہار کی رہائشی ہے، کا علاج جاری ہے اور اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور اسکوٹی اور کینٹر کو قبضے میں لے کر چوکی میں کھڑا کر دیا۔ دونوں متوفین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھیجا گیا۔ پولیس نے پنکج کی شکایت پر کینٹر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

دوسرا حادثہ کھیڑکی دولہ تھانہ علاقے کے سروس روڈ پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کمپنی ملازم 25 سالہ ابھیشیک جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نوںہ ضلع کے کوٹا کھنڈے والا کا رہائشی ابھیشیک مانسیر کے سیکٹر-2 میں واقع مون لائٹ موور کمپنی میں ملازمت کرتا تھا اور رات کی شفٹ میں کام کرتا تھا۔ 9 اگست کی رات تقریباً سوا ایک بجے وہ ڈیوٹی ختم کرکے موٹر سائیکل سے گھر واپس جا رہا تھا۔متوفی کے والد پرتاپ کی شکایت پر پولیس نے نامعلوم کار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفتیشی افسر اے ایس آئی منوج کمار نے بتایا کہ کار ڈرائیور کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگال رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں حادثات کے ذمہ دار ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande