
علی گڑھ, 09 اگست (ہ س)سڑک حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی پر محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ضبط کی جانے والی گاڑیوں کو اب ایک ہی مقام پر رکھنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔ کھیر روڈ پر لودھا تھانے کے قریب تقریباً 2 ایکڑ رقبے میں ڈمپنگ یارڈ تیار کیا جارہا ہے۔ منصوبے کا تعمیراتی کام جون 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے اوور لوڈنگ، گاڑی کی فٹنس نہ ہونے اور ٹریفک و روڈ سیفٹی کے دیگر ضوابط کی خلاف ورزی پر مسلسل کارروائی کی جاتی ہے۔ چالان کے ساتھ بعض معاملات میں گاڑیاں ضبط بھی کی جاتی ہیں۔ فی الحال ضبط شدہ گاڑیوں کو تھانوں، محکمہ ٹرانسپورٹ کے احاطے یا دیگر مقامات پر کھڑا کرنا پڑتا ہے، جہاں جگہ کی کمی کے باعث مشکلات پیش آتی ہیں۔
نئے ڈمپنگ یارڈ میں نجی بسوں، اسکول بسوں، ہائیوا، ٹینکروں اور دیگر مسافر و مال بردار گاڑیوں کو رکھنے کی سہولت ہوگی۔ حکومت کی منظوری کے بعد تقریباً 2.50 کروڑ کی لاگت سے منصوبے پر کام جاری ہے۔ یارڈ کے اطراف حفاظتی دیوار، گارڈ روم، ڈرائیوروں کے لیے آرام گاہ اور محکمہ کا دفتر بھی بنایا جائے گا۔ ضبط شدہ گاڑیوں سے متعلق قانونی کارروائی اور ضابطے کے مطابق ان کے نپٹارے کا عمل بھی اسی مقام پر کیا جائے گا۔
آر ٹی او انفورسمنٹ دنیش کمار نے بتایا کہ ڈمپنگ یارڈ کی تعمیر جاری ہے اور اسے جون 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ یارڈ بننے کے بعد ضبط شدہ گاڑیوں کو ایک جگہ محفوظ رکھنے میں سہولت ہوگی اور محکمہ کو بھی کارروائی میں آسانی ملے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ