
رائے پور، 9 اگست (ہ س)۔
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے نے عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں ’ڈبل انجن حکومت‘ کی وجہ سے ریاست تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے اور کسی بھی طبقے میں ناراضگی نہیں ہے۔
اسمبلی حلقہ کنکوری میں مختلف پروگراموں میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ’مودی کی گارنٹی‘ کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18 لاکھ پردھان منتری آواس فراہم کرنے کا وعدہ پورا کیا جا رہا ہے، جبکہ 70 لاکھ سے زائد خواتین کو ’مہتاری وندن یوجنا‘ کے تحت مالی امداد دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ریاست کے تمام شعبوں میں ہمہ جہت ترقی ہو رہی ہے۔
ای-20 پٹرول کے معاملے پر دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے اس بیان پر کہ ’مودی صرف ووٹوں کی زبان سمجھتے ہیں‘، وزیر اعلیٰ سائے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ 12 برسوں سے ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا نعرہ ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘ ہے اور آج ملک کے ہر شعبے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے۔
سائے نے کہا کہ اقتصادی میدان میں ہندوستان 12 برس قبل دنیا کی دسویں بڑی معیشت تھا، جسے اب چوتھے مقام تک پہنچایا گیا ہے۔ ان کے مطابق ملک میں ’نئے ہندوستان‘ کی تعمیر ہو رہی ہے اور اس تبدیلی کو پورا ملک دیکھ رہا ہے۔
اگلے ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے ’فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) ترمیمی بل، 2026‘ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت اس بل کا خیر مقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کو فائدہ ہوگا۔
بستر کے کئی دیہات میں پہلی مرتبہ ترنگا لہرانے کی کوششوں کو کانگریس کی جانب سے ’پروپیگنڈا‘ قرار دیے جانے پر وزیر اعلیٰ نے اپوزیشن پارٹی کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے پاس اب کوئی ایشوزنہیں رہ گئے ہیں۔ سائے کے مطابق بستر گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے تک نکسل ازم سے متاثر رہا ہے، لیکن اب حالات تبدیل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نکسل ازم کے خاتمے کے بعد بستر کے 90 سے زائد دیہات میں ترنگا لہرایا جائے گا اور اس پر خوشی ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق یہ خطے میں امن، قومی یکجہتی اور معمول کی زندگی کی بحالی کی علامت ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan