اُپل میں رات ہوتے ہی خوف کا ماحول، شہریوں کا پولیس گشت بڑھانے کا مطالبہ
حیدرآباد ،09 اگست (ہ س)۔ شہرکے مضافاتی علاقے اُپل بھگایت اوراس کے اطراف میں امن و امان کی صورتحال پر مقامی شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ شام ڈھلتے ہی یہ علاقہ سماج دشمن عناصراورجرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں کا مر
اُپل میں رات ہوتے ہی خوف کا ماحول، شہریوں کا پولیس گشت بڑھانے کا مطالبہ


حیدرآباد ،09 اگست (ہ س)۔

شہرکے مضافاتی علاقے اُپل بھگایت اوراس کے اطراف میں امن و امان کی صورتحال پر مقامی شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ شام ڈھلتے ہی یہ علاقہ سماج دشمن عناصراورجرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں کا مرکز بن جاتا ہے، جس کے باعث راہ گیروں اورگاڑی چلانے والوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق موسی ندی کے قریب واقع بھگایت لے آؤٹ میں خالی پلاٹس،ادھوری عمارتیں، گھنے درخت اورناکافی اسٹریٹ لائٹس کی وجہ سے رات کے وقت علاقہ سنسان ہوجاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض شرپسند عناصروہاں جمع ہوتے ہیں، جس سے لوگوں میں عدم تحفظ کااحساس بڑھ رہا ہے۔ علاقہ کے مکینوں کا الزام ہے کہ بعض افرادرات کے وقت شراب اورگانجہ کے نشے میں سڑکوں پرگھومتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ لوگ مختلف بھیس بدل کرگاڑیوں کوروکنے، مسافروں کوڈرانے دھمکانے اور مبینہ طورپرنقد رقم، موبائل فون اور زیورات چھیننے کی کوشش کرتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق اس علاقے میں اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ ایک آئی ٹی ملازم کومبینہ طورپرروک کردھمکانے کی شکایت سامنے آئی تھی، جبکہ ایک اور واقعے میں نشے میں دھت افراد نے ایک گاڑی سوار پرحملہ کیاتھا۔ حال ہی میں بھی ایک کارسوارکوراستے میں روک کر ہراساں کیے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ مقامی لوگوں کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ بعض افراد مخصوص بھیس میں سڑکوں اوراہم موڑوں پرکھڑے ہوکرگاڑیوں کو روکتے ہیں، بدتمیزی کرتے ہیں اورمبینہ طور پر زبردستی رقم وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اگرچہ کہ اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے نگرانی مزید سخت کرنے کے اقدامات کا اعلان کیاگیا ہے، لیکن شہریوں کے مطابق زمینی سطح پران کے نتائج ابھی تک نظرنہیں آرہے۔ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اُپل بھگایت اوراطراف کے علاقوں میں رات کے وقت خصوصی پولیس گشت کوبڑھایا جائے،اسٹریٹ لائٹس کی سہولت بہتر بنائی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، تاکہ عوام بلا خوف و خطرسفرکرسکیں۔

۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande