
جموں, 08 اگست (ہ س): جموں و کشمیر کے ضلع ادھمپور میں شدید بارش کے باعث اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں میاں بیوی بہہ گئے، جن میں سے ایک کی لاش برآمد کرلی گئی ہے جبکہ دوسرے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شام رام نگر کے کاگھوٹے پنچایت علاقے میں پیش آیا، جہاں شدید بارش کے بعد نالے میں اچانک طغیانی آگئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق 58 سالہ بلدیو اور 53 سالہ مایا دیوی مویشی چرانے گئے تھے اور نالہ عبور کرتے وقت تیز بہاؤ کی زد میں آکر بہہ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا گیا، جنہوں نے ایک شخص کی لاش برآمد کرلی۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ برآمد ہونے والی لاش بلدیو کی ہے یا مایا دیوی کی۔ دوسرے شخص کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ادھمپور کے ڈپٹی کمشنر منگا شیرپا سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں رام نگر کے کاگھوٹے پنچایت میں شدید بارش کے باعث میاں بیوی کے بہہ جانے کی اطلاع ملی، جس کے بعد انہوں نے ڈی سی سے صورتحال کی جانکاری حاصل کی۔جتیندر سنگھ نے کہا کہ ایک شخص کی لاش برآمد کرلی گئی ہے جبکہ دوسرے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دفتر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر