
۔ایک اور واقعہ میں ایک نوجوان کی لاش کار سے ملی
لکھنؤ، 7 اگست (ہ س) ۔اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے بخشی کا تالاب تھانہ علاقے میں ایک نوجوان کی کار میں زندہ جل کر موت ہو گئی۔ ادھر، آشیانہ تھانے کی حدود میں کار سے ایک اور شخص کی لاش ملی۔ اطلاع پر پولیس پہنچی اور معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
اے سی پی وکاس پانڈے نے بتایا کہ بخشی کا تالاب تھانہ علاقہ میں لکھنؤ-سیتاپور قومی شاہراہ-24 پر سریا بازار میں ویریندر دھرم کانٹا کے قریب ایک ماروتی کار (یو پی 32 سی ایس 0626) میں اچانک آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچے توکارمیں زبردست آگ لگی ہوئی تھی۔ آگ بجھانے کے بعد جب گاڑی کی تلاشی لی گئی تو ڈرائیور کی سیٹ پر ایک شخص کی مکمل جلی ہوئی لاش ملی۔ فارنسک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے۔ کار نمبر کی بنیاد پر پولیس نے اہل خانہ کو اطلاع دی۔
جائے وقوعہ پر پہنچنے والے اہل خانہ نے انکشاف کیا کہ کار میں جو شخص ملا ہے اس کی شناخت حمید الحق کے بیٹے وکاس نگر خرم نگر رہائشی الماس حق (32)کے طور پر ہوئی ہے۔ اے سی پی نے بتایا کہ کار میں آگ لگنے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
کار سے نوجوان کی نعش برآمد
آشیانہ تھانہ علاقہ کے صالح نگر چوراہے کے قریب ایک کار (یو پی 33 بی بی 8989) سے نوجوان کی لاش ملی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گاڑی پچھلے تین دنوں سے وہاں کھڑی تھی۔ جمعرات کی دیر رات، کار سے تیز بدبو آ نے پر پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور کار کو قبضے میں لے لیا۔ کار کی تلاشی لینے پر اندر ایک شخص مردہ پڑا ہوا ملا۔
لاش کی شناخت رائے بریلی کے رہنے والے گیانیندر سنگھ (33) کے طور پر کی گئی ہے۔ لکھنؤ کے پون کھیڑا میں کرائے کے مکان میں رہنے والے ستویندر سنگھ نے کار میں ملنے والی لاش کی شناخت اپنے بھائی گیانیندر کے طور پر کی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد