
لکھنؤ، 7 اگست (ہ س)۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے قومی ہینڈلوم ڈے 2026 کے موقع پر جمعہ کو یہاں لوک بھون میں ہینڈلوم مصنوعات کی نمائش کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بُنکروں کو سنت کبیر ریاستی سطح کے ہینڈلوم ایوارڈ سے نوازا۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ ہینڈلوم و پاورلوم صنعت ترقیاتی اسکیم اور جھلکاری بائی کوری ہینڈلوم و پاورلوم ترقیاتی اسکیم کے مستحقین میں مالی امداد کے چیک بھی تقسیم کیے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اترپردیش میں ہینڈلوم سب سے بڑی گھریلو صنعت ہے۔ ان تمام ایم ایس ایم ای مصنوعات کے رجسٹریشن کے ساتھ 5 لاکھ روپے کا حفاظتی بیمہ کور بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اگر کوئی حادثہ پیش آتا ہے تو متاثرہ شخص کو 5 لاکھ روپے کی رقم ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت 2017 سے پہلے بھی ہونی چاہیے تھی، لیکن ’’بھائی بھتیجوں میں الجھی اس وقت کی حکومتوں کے پاس فرصت کہاں تھی۔‘‘
یوگی نے کہا کہ جن اسکولوں میں غریبوں کے بچے پڑھتے تھے ان بنیادی تعلیم کے محکمے کے اسکولوں کی حالت انتہائی خراب تھی۔ نہ اساتذہ تھے اور نہ مناسب عمارتیں۔ بیت الخلا اور پینے کے پانی کی سہولت بھی موجود نہیں تھی۔ آج لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ بیت الخلا اور پینے کے پانی کا انتظام ہے۔ بچوں کو اسکول یونیفارم، جوتے، موزے، بستے، کاپیاں اور کتابیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے سماج وادی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان لوگوں کی ترقی میں کوئی دلچسپی ہی نہیں تھی۔ جہاں دلچسپی تھی، وہاں لوٹ مار شروع ہوجاتی تھی۔ خاندان کے لوگ لوٹ مار کے لیے جمع ہوجاتے تھے کہ کون کتنا لوٹے۔ خواتین کے لیے خطرہ بھی وہ خود بنے ہوئے تھے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں 70 فیصد خواتین ہی کام کر رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ آج وہ سب کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ’’ڈبل انجن کی حکومت پوری وابستگی کے ساتھ آپ کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ سے کہیں گے کہ دستکاروں اور کاریگروں کے تیار کردہ مصنوعات کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیزائن سے جوڑا جائے اور مارکیٹ کی طلب کے مطابق مصنوعات تیار کرنے میں ان کی مدد کی جائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے کاریگروں کی تیار کردہ مصنوعات ہی اپنے عزیزوں کو تحفے کے طور پر پیش کریں۔
اس سے قبل ایم ایس ایم ای وزیر راکیش سچان نے وزیر اعلیٰ کو ہینڈلوم سے تیار کردہ رادھا کرشن کی فن پارہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہینڈلوم ڈے ہندوستان کی بُنائی کی روایت، دیسی ثقافت اور خود کفیل ہندوستان کے عزم کا جشن ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 3 لاکھ سے زیادہ ہینڈلوم چل رہے ہیں اور حکومت بُنکروں کی اقتصادی، تکنیکی اور سماجی خود مختاری کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ہینڈلوم و پاورلوم صنعت ترقیاتی اسکیم کے تحت 2,489 ہینڈلوم اور 1,315 پاورلوم بُنکروں کو، جبکہ جھلکاری بائی کوری ہینڈلوم و پاورلوم ترقیاتی اسکیم کے تحت 2,796 ہینڈلوم اور 1,466 پاورلوم بُنکروں کو مالی امداد فراہم کی جاچکی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan