چندر کوٹ ناکہ توڑ کر فرار ہونے والی گاڑی برآمد، تین افراد فرار
جموں،07 اگست (ہ س)۔ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع رامبن کے چندرکوٹ علاقے میں سیکورٹی ناکہ توڑ کر فرار ہونے والی ایک مشتبہ اسکارپیو گاڑی کو بعد میں ڈھلواس کے قریب پاپریاں علاقے سے ضبط کرلیا گیا، جبکہ اس میں سوار تین افراد قریبی جنگل میں فرارہوگئے۔
Fled


جموں،07 اگست (ہ س)۔

جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع رامبن کے چندرکوٹ علاقے میں سیکورٹی ناکہ توڑ کر فرار ہونے والی ایک مشتبہ اسکارپیو گاڑی کو بعد میں ڈھلواس کے قریب پاپریاں علاقے سے ضبط کرلیا گیا، جبکہ اس میں سوار تین افراد قریبی جنگل میں فرارہوگئے۔ واقعے کے بعد جموں وکشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور فوج نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کی علی الصبح تقریباً ساڑھے تین بجے اسکارپیو گاڑی زیر نمبر جے کے 02اے کے 1743 والی اسکارپیو سرینگر سے جموں جا رہی تھی۔ چندرکوٹ میں قائم سیکورٹی ناکہ پر پولیس نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا، تاہم ڈرائیورنے رفتار بڑھا کرناکہ عبورکرلیا اور ناشری کی طرف فرار ہونے لگا۔ تعاقب کے دوران پولیس نے گاڑی پرتین راؤنڈ فائر بھی کیے۔

بعد ازاں گاڑی پاپریاں گاؤں میں ایک رابطہ سڑک پرلاوارث حالت میں ملی۔ پولیس کے مطابق گاڑی میں سوارتینوں افراد گاڑی چھوڑ کر قریبی جنگل میں فرار ہو گئے، جس کے بعد پورے علاقے میں سرچ آپریشن تیزکر دیا گیا۔ تلاشی کے دوران پولیس کو گاڑی کی پچھلی نشستیں نکلی ہوئی ملیں جبکہ اندرسے گوبربھی برآمد ہوا، جس کے بعد شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسکارپیو کوغیرقانونی طورپرمویشیوں کی نقل و حمل یا اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ گاڑی پرتین گولیوں کے نشانات بھی پائے گئے، جو تعاقب کے دوران پولیس کی فائرنگ سے لگے۔

فارنسک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کا معائنہ کیا اور ضروری شواہد اکٹھے کیے۔ سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس رامبن ارون گپتا نے بتایا کہ گاڑی کو ضبط کرلیا گیا ہے اور معاملے کی ہرپہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں پیش رفت کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے تینوں مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے جبکہ گاڑی کے استعمال اور مویشی اسمگلنگ کے مبینہ پہلو کی بھی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande