
جموں،07 اگست (ہ س)۔
جموں کے بشنہ علاقے میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک 11 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر اس کے سوتیلے باپ نے قتل کر دیا۔ ملزم نے بعد ازاں خود پولیس تھانے پہنچ کر جرم کا اعتراف کیا، جس کے بعد پولیس نے اس کی نشاندہی پر بچے کی لاش برآمد کر لی۔
پولیس کے مطابق آر ایس پورہ کے کھوڑ دیولیاں علاقے کا رہائشی روی کمار جمعرات کو بشنہ پولیس تھانے پہنچا اور بتایا کہ اس نے 11 سالہ روہت کمار کو اینٹ سے سر پر متعدد وار کر کے قتل کیا اور لاش چک مرار کے کھیتوں میں واقع دلدلی علاقے میں پھینک دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش برآمد کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کی، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد میت اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔
متوفی کی والدہ کانتا دیوی، جو ضلع ڈوڈہ کی رہائشی ہیں اور اس وقت بڑی برہمنہ کے علاقے میں کرائے کے مکان میں مقیم ہیں،اُس نے بتایا کہ بدھ کی شام ملزم بچے کو گھر سے اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ بعد میں اس نے فون پر اطلاع دی کہ اس نے بچے کو قتل کر کے لاش بالولے نالے میں پھینک دی ہے۔
خاتون کے مطابق اطلاع ملنے پر بڑی برہمنہ پولیس نے متعلقہ علاقے میں تلاش کی، تاہم بچے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس کو شوہر کی تلاش کے لیے بارہا کہنے کے باوجود فوری کارروائی نہیں کی گئی۔
بعد ازاں ملزم کے خودسپرد ہونے اور جرم کا اعتراف کرنے کے بعد پولیس نے اس کی نشاندہی پر لاش برآمد کر لی۔ پولیس نے بشنہ تھانے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 103 کے تحت مقدمہ درج کر کے قتل کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر