
نئی دہلی، 07 اگست (ہ س)۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اجنکیا رہانے افتتاحی یورپیئن ٹی-20 پریمیر لیگ (ای ٹی پی ایل) میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ رہانے نے ایمسٹرڈیم فلیمز کے ساتھ بطور اسٹار کھلاڑی معاہدہ کیا ہے۔ اس فرنچائز کی مشترکہ بنیاد آسٹریلیا کے عظیم کرکٹر اسٹیو وا نے رکھی ہے۔
فرنچائز نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ رہانے کا تجربہ اور قائدانہ صلاحیت ٹیم کی طویل مدتی منصوبہ بندی کو مضبوط کرے گی اور یورپ میں کرکٹ کی ترقی کو نئی سمت دے گی۔
رہانے نے گزشتہ ماہ بین الاقوامی کرکٹ اور تمام طرز کے مقابلوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے ہندوستان کی جانب سے 85 ٹیسٹ، 90 ایک روزہ اور 20 ٹی-20 بین الاقوامی میچ کھیلے۔ ان کا آخری بین الاقوامی میچ جولائی 2023 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ تھا۔
رہانے کے کیریئر کی نمایاں کامیابیوں میں 2020-21 کے آسٹریلیا دورے پر ہندوستان کو 2-1 سے تاریخی ٹیسٹ سیریز میں فتح دلانا شامل ہے۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ہندوستان کے 36 رنز پر آل آو¿ٹ ہونے کے بعد انہوں نے کپتانی سنبھالتے ہوئے ٹیم کو یادگار کامیابی دلائی تھی۔
رہانے کا آخری مسابقتی میچ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کی جانب سے تھا۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد کے کے آر کو اب نئے کپتان کی تلاش ہوگی۔ رہانے نے گزشتہ دو سیزن میں ٹیم کی قیادت کی تھی، تاہم ٹیم 2025 میں آٹھویں اور 2026 میں ساتویں مقام پر رہی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ