
ورلڈ جونیئر ایتھلیٹکس: محمد اشفاق نے قومی ریکارڈ توڑا، 400 میٹردوڑ کے مقابلے کے فائنل میں پہنچے
یوجین، 7 اگست (ہ س)۔
ورلڈ جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2026 کے دوسرے دن جمعرات کو ہندوستان کے محمد اشفاق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کی 400 میٹر دوڑ میں نیا انڈر-20 قومی ریکارڈ قائم کیا اور فائنل میں جگہ بنا لی۔ اسی طرح بسنت نے مردوں کے ہائی جمپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرکے ہندوستان کی امیدیں برقرار رکھیں۔
19 سالہ اشفاق نے ہیٹ-5 میں 45.81 سیکنڈ کا وقت لے کر دوسرا مقام حاصل کیا اور سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ اس دوران انہوں نے اپریل میں بنگلورو میں منعقدہ انڈر-20 فیڈریشن کپ میں اپنے ہی قائم کردہ 46.05 سیکنڈ کے قومی ریکارڈ کو توڑ دیا۔
اس کے بعد سیمی فائنل کی ہیٹ-3 میں اشفاق نے 46.00 سیکنڈ کا وقت لے کر تیسرا مقام حاصل کیا اور فائنل میں جگہ بنا لی۔ امریکہ کے کوئنسی ولسن (45.02 سیکنڈ) اور جنوبی افریقہ کے کیرن رومین (45.87 سیکنڈ) ان سے آگے رہے۔ دوسری جانب ہندوستان کے پیوش راج ہیٹ-6 میں 47.78 سیکنڈ کے ساتھ پانچویں مقام پر رہے اور فائنل میں جگہ نہیں بنا سکے۔
مردوں کے ہائی جمپ میں بسنت نے 2.14 میٹر کی چھلانگ لگا کر گروپ-اے میں پانچواں مقام حاصل کیا اور فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ جبکہ کے امبریش گروپ-بی میں 2.05 میٹر کی بہترین چھلانگ کے باوجود باہر ہوگئے۔ دونوں گروپوں میں کوئی بھی کھلاڑی 2.21 میٹر کے خودکار کوالیفکیشن معیار کو عبور نہیں کر سکا۔
خواتین کے ڈسکس تھرو کے فائنل میں امنت کمبوج نے 53.24 میٹر کی ذاتی بہترین کارکردگی کے ساتھ چھٹا مقام حاصل کیا۔ اس مقابلے کا طلائی تمغہ چین کی سو یشین نے 61.06 میٹر کی انڈر-20 عالمی سطح کی بہترین تھرو کے ساتھ جیتا۔
خواتین کے شاٹ پٹ میں انشو فائنل میں جگہ بنانے سے محروم رہ گئیں۔ انہوں نے کوالیفکیشن میں 15.24 میٹر کی بہترین کوشش کی اور گروپ-اے میں نویں جبکہ مجموعی طور پر 14 ویں مقام پر رہیں۔ وہ فائنل کے لیے مقررہ حد سے 21 سینٹی میٹر پیچھے رہ گئیں۔ خواتین کی 400 میٹر رکاوٹ دوڑ میں تنو چودھری نے 1:00.03 منٹ کا وقت لے کر اپنی ہیٹ میں پانچواں مقام حاصل کیا اور فائنل میں جگہ نہیں بنا سکیں۔ جبکہ مردوں کی 400 میٹر رکاوٹ دوڑ میں امت کمار 54.01 سیکنڈ کے ساتھ اپنی ہیٹ میں آخری مقام پر رہے۔
مردوں کے ٹرپل جمپ کوالیفکیشن میں دھنوش راج (14.71 میٹر) اور پی رائشن (15.20 میٹر) بھی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن