
شمالی دیناج پور، 7 اگست(ہ س)۔ ضلع کے اٹاہار تھانہ علاقے میں جمعہ کی صبح ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ قومی شاہراہ-12 پر بالیا پاڑہ علاقے میں پیش آئے اس حادثے میں 3 مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ 11 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ہر روز کی طرح جمعہ کی صبح بھی درگا پور علاقے کے ساداپور اور دھرنڈا گاؤں سے تقریباً 30 مزدور کام کے لیے ایک ٹرک میں سوار ہوکر روانہ ہوئے تھے۔ بالیا پاڑہ علاقے میں این ایچ-12 کے کنارے پہنچنے کے بعد وہ ٹرک سے اتر کر کام پر جانے کی تیاری کر رہے تھے۔اسی دوران مالدہ کی جانب جارہے ایک تیز رفتار ٹرک کے ڈرائیور نے اچانک گاڑی پر اپنا کنٹرول کھو دیا اور سڑک کے کنارے کھڑے مزدوروں سے بھرے ٹرک کو پیچھے سے زوردار ٹکر مار دی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹرک کے قریب کھڑے مزدور دور جاگرے۔ حادثے میں 3 مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت چھےپو برمن (45)، الکا برمن (46) اور تپ مارڈی (37) کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے کے بعد مقامی لوگوں اور ٹریفک پولیس نے فوری طور پر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔ تمام زخمیوں کو پہلے اٹاہار دیہی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد حالت تشویش ناک ہونے پر انہیں رائے گنج میڈیکل کالج و اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت اب بھی نازک بنی ہوئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی اٹاہار تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے رائے گنج میڈیکل کالج بھیج دیا گیا۔ حادثے میں ملوث دونوں ٹرکوں کو ضبط کرکے تھانے لے جایا گیا ہے۔ حادثے کے بعد سے مبینہ طور پر ٹکر مارنے والا ٹرک ڈرائیور فرار ہے۔ پولیس اس کی تلاش میں مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan