
پٹنہ،07اگست(ہ س)۔ بہار کی راجدھانی پٹنہ میں جمعہ کے روز سڑک حادثہ میں افراتفری مچ گئی۔ ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ خوفناک حادثے سے مشتعل مقامی لوگوں کے ہجوم نے جائے وقوعہ پر ہنگامہ برپا کر دیا اور کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ زبردست ہنگامہ آرائی کے درمیان ہائی وے کو جام کر دیا گیا۔پٹنہ ضلع کے اگم کنواں تھانہ علاقے میں مشتعل ہجوم کا غصہ اس وقت بھڑک اٹھا جب این ایچ 30 پر ایک تیز رفتار بس نے منیش کمار (26) نامی نوجوان کو کچل دیا۔عینی شاہد اروند کمار نے کہا، لوگوں نے پہلے بس کو آگ لگائی جس نے نوجوان کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ جیسے ہی آگ لگی علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ اس دوران پرتشدد ہجوم نے پولیس کی گاڑی سمیت کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
آگ لگنے کے واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی لیکن پرتشدد ہجوم کا سامنا کرنا پڑا۔ نتیجتاً فائر فائٹر کو جائے وقوعہ سے واپس جانے پر مجبور ہونا پڑا۔ لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں گاڑیاں پھنس گئیں۔ کافی دیر تک افراتفری رہا۔پولیس ٹیم مشتعل ہجوم کو پرسکون کرنے اور حالات کو قابو میں لانے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن متوفی کے اہل خانہ اور مقامی باشندے اب بھی معاوضے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ علاقے میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔ وہ ٹریفک نظام میں فوری بہتری کے مطالبے پر بضد ہیں۔دریں اثنا اگم کنواں تھانہ نے بتایا کہمتوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پی ایم سی ایچ بھیج دیا گیا ہے۔ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan