
جموں, 07 اگست (ہ س)۔
جموں و کشمیر میں محکمہ موسمیات نے آئندہ دس روز کے دوران بارش کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے جموں ڈویژن کے مختلف اضلاع میں 9 سے 11 اگست کے دوران شدید سے انتہائی شدید بارش، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا انتباہ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 اور 8 اگست کو جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے امکانات ہیں، جبکہ بعض مقامات پر مختصر وقفے کے لیے تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
پیش گوئی کے مطابق 9 سے 11 اگست کے دوران بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جاری رہے گی، تاہم جموں ڈویژن کے چند اضلاع میں شدید سے انتہائی شدید بارش متوقع ہے۔ اسی عرصے میں کشمیر ڈویژن کے بعض علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے تیز بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث حساس علاقوں میں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، پتھروں کے گرنے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
محکمے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران ندی نالوں، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات اور دیگر حساس علاقوں سے دور رہیں، جبکہ متعلقہ انتظامیہ کو ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 12 سے 17 اگست کے دوران بھی مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر