
جموں، 07 اگست (ہ س)۔
ضلع رام بن کے چندرکوٹ علاقے میں جمعہ کی علی الصبح ایک مشتبہ اسکارپیو گاڑی پولیس کے سیکورٹی ناکے کو توڑ کر فرار ہوگئی، جس کے بعد پولیس، سی آر پی ایف اور فوج نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق، سری نگر سے جموں کی جانب آنے والی اسکارپیو گاڑی کو چندرکوٹ میں قائم سیکورٹی چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ دیا گیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے رفتار تیز کر دی اور ناشری کی سمت فرار ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے گاڑی کو روکنے کی کوشش میں تین راؤنڈ فائر بھی کیے، تاہم گاڑی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس، سنٹرل ریزرو پولیس فورس اور فوج نے علاقے اور ملحقہ شاہراہوں پر مشترکہ تلاشی مہم شروع کر دی تاکہ گاڑی اور اس میں سوار افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔
یہ واقعہ امرناتھ یاترا کے دوران پیش آیا ہے، جس کے باعث شاہراہ پر سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق، یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور گاڑیوں کی سخت جانچ جاری ہے۔ادھر، جمعرات کو ایک روزہ تعطل کے بعد امرناتھ یاترا دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر