
علی گڑھ, 07 اگست (ہ س)۔
سماجی ذمہ داری اور صحت عامہ کی خدمات سے اپنی وابستگی کو مزید مستحکم کرتے ہوئے، شعبہ نسواں و قبالت، اجمل خاں طبیہ کالج، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے عالمی بریسٹ فیڈنگ ہفتہ کی مناسبت سے علی گڑھ ضلع جیل میں خواتین کی صحت اور نوزائیدہ کو پستان سے دودھ پلانے کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لئے ایک بیداری کیمپ منعقد کیا۔
دواخانہ طبیہ کالج اور سکشم بھارت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا، جس کی قیادت کیمپ کی رابطہ کار ڈاکٹر فہمیدہ زینت نے کی۔ انہوں نے ماں اور بچے دونوں کی صحت و تندرستی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ پیدائش کے بعد پہلے ایک گھنٹے کے اندر بچے کو ماں کا دودھ پلانا شروع کر دینا چاہیے اور پہلے 6 ماہ تک صرف ماں کا دودھ ہی دینا چاہیے تاکہ نومولود کی قوتِ مدافعت مضبوط ہو، اس کی صحت مند نشوونما یقینی بنے اور ماں و بچے میں متعدد بیماریوں کے خطرات کم ہوں۔
پروگرام کا افتتاح ضلع جیل کے سپرنٹنڈنٹ شری پنکج کمار سنگھ نے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محترمہ راجندر کماری، ڈپٹی جیلر محترمہ سمرہ انصاری اور جیل کے دیگر اہلکار موجود تھے۔
شعبہ نسواں و قبالت کی صدر پروفیسر صبوحی مصطفیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شعبہ بیداری پروگراموں اور سماجی رابطہ سرگرمیوں کے ذریعہ خصوصاً کمزور اور محروم طبقات میں، خواتین کی صحت کے فروغ کے لئے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔
اس موقع پر پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے خاتون قیدیوں کا انفرادی طبی معائنہ کیا ، انھیں مشاورت اور رہنمائی فراہم کی اور حمل، زچگی اور امراضِ نسواں سے متعلق مختلف مسائل پر طبی مشورے دیے۔ جیل کی خاتون ملازمین نے بھی ماہرین کے مشوروں سے استفادہ کیا۔
پروگرام میں دواخانہ طبیہ کالج کی جانب سے خواتین کے لئے مخصوص ادویات اور عام بیماریوں کے لیے مفت یونانی ادویات تقسیم کی گئیں۔ مستفید ہونے والی خواتین کو مقوی غذائیں بھی فراہم کی گئیں۔
ماہرین نے خاص طور سے سیزیرین زچگی کے بعد صحت یاب ہونے والی ماؤں کو بچے کو دودھ پلانے کے درست طریقے عملی طور سے دکھائے، نیز متوازن غذا، مناسب مقدار میں پانی پینے اور بار بار دودھ پلانے کے ذریعہ دودھ کی مقدار بڑھانے سے متعلق مفید رہنمائی بھی فراہم کی۔ پستان سے دودھ پلانے سے متعلق مختلف غلط فہمیوں کا ازالہ کیا گیا تاکہ ماں اور بچے کی صحت کے بارے میں خواتین بہتر اور باخبر فیصلے کر سکیں۔
عالمی بریسٹ فیڈنگ ہفتہ کے تحت شعبہ کی جانب سے آگہی پروگرام، او پی ڈی مشاورتی نشست، ادویات کی تقسیم اور سماجی رابطہ سرگرمیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ