
جموئی، نالندہ، کیمور اور مظفر پورمیں 4 نئے اقلیتی رہائشی اسکول تیار : وزیر محمد زماں خان پٹنہ، 7 اگست (ہ س)۔ ریاست کے چار نئے اقلیتی رہائشی اسکولوں میں اسی تعلیمی سیشن سے تعلیم کا آ غازہوجائے گا۔ جموئی، نالندہ، کیمور اور مظفر پور میں اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ ان اسکولوں میں 17 اگست سے تعلیمی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔ یہ اطلاع محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر محمد زماں خان نے جمعہ کو محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ محکمہ کے سمواد احاطہ میں منعقد محکمہ جاتی پریس کانفرنس میں دی۔وزیر موصوف نے بتا یاکہ محکمہ نے ریاست کے ہر ضلع میں ایک اقلیتی رہائشی اسکول قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ فی الحال، دربھنگہ، کشن گنج، پورنیہ، مدھوبنی، گیا، جموئی، نالندہ، کیمور، کٹیہار، بیگوسرائے، مغربی چمپارن (بتیا)، سپول، مظفر پور، مدھے پورہ، پٹنہ، سہرسہ ، مونگیر، سیوان، مشرقی چمپارن (موتیہاری) بھاگلپور، ارریہ، گوپال گنج، روہتاس اور بکسرسمیت 24اضلاع میں اسکول کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے۔اس میں دربھنگہ اور کشن گنج میں اسکول پہلے سے ہی چل رہے ہیں، جب کہ جموئی، نالندہ، کیمور اور مظفر پور میں 17 اگست کو تعمیر مکمل ہونے کے بعد کلاسز شروع ہوں گی۔ جموئی اور کیمور میں ابتدائی طور پر نالندہ اور کیمور کیمپس کے ذریعے تعلیمی سرگرمیاں چلائی جائیں گی۔ ان اسکولوں میں جلد ہی آن لائن کلاسز اور مقابلہ جاتی امتحان کی کوچنگ کی پیشکش کی جائے گی۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ٹی آر 4 کے ذریعے 288 اساتذہ کا تقرر کیا جائے گا۔ اس کے لیے ایک ریکوزیشن بہار پبلک سروس کمیشن کو بھیجی گئی ہے۔ فی الحال 13 اقلیتی اقامتی اسکولوں کو چلانے کے لیے 481 تدریسی اور غیر تدریسی عہدوں کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، 71ویں بی پی ایس سی امتحان کے ذریعے ایک ڈسٹرکٹ ویلفیئر آفیسر اور 459 بلاک مائنارٹی ویلفیئر افسروں کی تقرری کے لیے کمیشن کو ایک درخواست بھیجی گئی ہے۔مدرسہ کے طلباء ہنر مندی کی تربیت حاصل کریں گے: وزیر نے کہا کہ محکمہ کا مقصد اقلیتی برادریوں کے بچوں کو جدید تعلیم سے جوڑنا ہے۔ اس مقصد کے لیے مدارس کے طلباء کو ہنرمندی کے فروغ کے پروگرام میں شامل کیا جائے گا تاکہ وہ مختلف شعبوں میں روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔ اس پروگرام کو نیشنل ا سمال انڈسٹریز کارپوریشن لمیٹڈ (این ایس آئی سی) کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا، جو حکومت ہند کا ادارہ ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan