
نئی دہلی، 4 اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی ترجمان اور راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے الزام لگایا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال ای-20 (ایتھونول ملاوٹ والے) پٹرول کے معاملے پر ایک بار پھر بے بنیاد الزامات لگا کر عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترویدی نے کہا کہ کیجریوال خود کو آئی آئی ٹی سے تعلیم یافتہ اور انجینئر بتاتے ہیں، لیکن وہ سنجیدہ معاملات پر بھی بغیر کسی تحقیق یا ثبوت کے بیانات دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 وبا کے دوران بھی کیجریوال نے ویکسین کے فارمولے کو عام نہ کیے جانے پر سوال اٹھایا تھا، جبکہ اب وہ ای-20 پٹرول کے خلاف بھی بغیر کسی سائنسی یا تکنیکی بنیاد کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔سدھانشو ترویدی نے کہا کہ اگر کیجریوال واقعی انجینئر ہیں تو انہیں اس معاملے کے تکنیکی پہلوؤں پر بات کرنی چاہیے، نہ کہ سیاسی مقاصد کے تحت بے بنیاد دعوے کرنے چاہئیں۔قابلِ ذکر ہے کہ اروند کیجریوال نے منگل کو ای-20 پٹرول کے خلاف اپنے حامیوں کے ساتھ وزیر اعظم کی رہائش گاہ کی جانب مارچ کیا، تاہم دہلی پولیس نے انہیں فیروز شاہ روڈ پر ہی روک دیا۔ اس موقع پر کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ وہ دو لاکھ سے زائد دستخطوں پر مشتمل عرضداشت وزیر اعظم کو پیش کرنا چاہتے ہیں اور ان کے ساتھ ایسے سو افراد موجود ہیں جن کی گاڑیاں ای-20 پٹرول کے استعمال سے متاثر ہوئی ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan