تمل ناڈو کے سابق نائب وزیر اعلی ادے ندھی اسٹالن گرفتار
چنئی، 4 اگست (ہ س)۔ تمل ناڈو اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی ادے ندھی اسٹالن کو تمل اداکارہ تریشا کرشنن کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے معاملے میں پولیس نے منگل کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی وزیراعلی سی جوزف وجے کی پارٹی تملگا
TN-UDHAYANIDHI-STALIN-ARRESTED-ACTRESS-TRISHA


چنئی، 4 اگست (ہ س)۔ تمل ناڈو اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی ادے ندھی اسٹالن کو تمل اداکارہ تریشا کرشنن کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے معاملے میں پولیس نے منگل کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی وزیراعلی سی جوزف وجے کی پارٹی تملگا ویتری کزگم (ٹی وی کے ) کی جانب سے پولیس اور خواتین کے قومی کمیشن (این سی ڈبلیو) میں شکایت درج کرنے کے بعد ہوئی ہے۔

ٹی وی کے کے تنجاور سنٹرل ڈسٹرکٹ ویمنس ونگ کی کنوینر ایس بیروی نے ادے ندھی اسٹالن کے خلاف تنجاور ایسٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ پارٹی نے قومی کمیشن برائے خواتین سے اس معاملے میں مداخلت اور سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ شکایت ملنے کے بعد، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی اور بعد میں ادے ندھی اسٹالن کو گرفتار کرلیا۔

اس معاملے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی، دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) کے رہنما ادے ندھی اسٹالن نے مدراس ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ تاہم، پولیس نے انہیں سماعت سے پہلے ہی گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ادے ندھی کے خلاف تمل ناڈو کے مختلف حصوں میں اب تک چھ ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں۔

ادے ندھی اسٹالن کی گرفتاری سے قبل ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ ٹی وی کے کے کارکنوں نے ان کے مبینہ تبصرے کے خلاف احتجاج میں ان کے گھر کے محاصرے کا اعلان کیا تھا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس نے پہلے ہی سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے۔

یہ تنازعہ کاویری آبی تنازعہ کو لے کر پیر کو تنجاور میں ایک ریلی کے دوران ادے ندھی اسٹالن کی تقریر کے بعد کھڑا ہوا تھا۔ ریلی میں وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے کی تنقید کرتے ہوئے بھیڑ کے ذریعہ اداکارہ تریشا کرشنن کے نام پر نعرے لگائے جانے لگے ۔ ایک وائرل ویڈیو کے مطابق، ادے ندھی نے کاویری آبی تنازعہ پر ریاستی حکومت پہلے حملہ کیا اور کہا کہ ریاست کو کاویری کے پانی کی ایک بوند بھی نہیں ملی، لیکن وزیر اعلیٰ اس معاملے پر خاموش ہیں۔ اسی دوران نعرے بازی جاری رہنے پر انہوں نے مسکراتے ہوئے ایک تبصرہ کیا جسے بہت سے لوگوں نے اداکارہ تریشا اور وزیر اعلیٰ وجے کے درمیان مبینہ تعلقات کے بارے میں سوشل میڈیا پر چلنے والی دیرینہ افواہوں سے جوڑکر تعبیر کیا۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں اورٹی وی کے نے اس تبصرے کو خواتین کی توہین قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔ ٹی وی کے ایم ایل اے ریونت چرن نے کہا کہ کسی بھی خاتون کے بارے میں اس طرح کے تبصرے مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈی ایم کے قیادت سیاسی گفتگو کی سطح کو مسلسل گرا رہی ہے اور جان بوجھ کر اشتعال انگیز سیاست کا سہارا لے رہی ہے۔

تاہم ڈی ایم کے نے ان الزامات کو یکسر مسترد کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر ٹی آر بالو نے کہا کہ ادے ندھی اسٹالن نے کسی خاص شخص کا نام لے کر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا، ”انہوں نے اس خاتون کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ یہ سارا الزام جھوٹا اور سیاسی طور پر محرک ہے۔“

دریں اثنا، ڈی ایم کے کے راجیہ سبھا رکن پی ولسن نے گرفتاری پر تنقید کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت کاویری آبی تنازعہ اور کرناٹک کے ذریعہ تمل ناڈو کو مناسب پانی نہیں چھوڑے جانے جیسے سنگین مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے تنازعہ کا استعمال کر رہی ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس تنازع پر ادے ندھی اسٹالن کی تنقید کی۔ ریاستی بی جے پی کے ترجمان نارائنن تروپتی نے اس بیان کو غیر مہذب، فحش اور شرمناک قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

دریں اثنا، پولیس نے کہا ہے کہ شکایت اور دستیاب ویڈیو شواہد کی بنیاد پر کیس کی تفتیش جاری ہے۔ دریں اثنا، ادے ندھی اسٹالن کی گرفتاری کے بعد ریاست میں سیاسی ماحول اور بھی گرم ہو گیا ہے، ڈی ایم کے اور ٹی وی کے کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات میں شدت اختیار کر گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande