
نئی دہلی، 4 اگست (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پدم شری سے سرفراز ممتاز ماہرِ تعلیم، سماجی خدمت گار اور تریپورہ، بہار اور مغربی بنگال کے سابق گورنر ڈاکٹر ڈی۔ وائی۔ پاٹل کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، ’ڈاکٹر ڈی۔ وائی۔ پاٹل فلاحی خدمات، بالخصوص تعلیم کے ذریعے معاشرے کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دوسروں، خصوصاً غریب اور محروم طبقات کی زندگی بہتر بنانے کے لیے وقف کر دی۔‘وزیر اعظم نے اپنے تعزیتی پیغام کے ساتھ ڈاکٹر ڈی۔ وائی۔ پاٹل کے ساتھ اپنی ایک پرانی ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی۔
ڈاکٹر ڈی۔ وائی۔ پاٹل کا منگل کے روز مہاراشٹر کے کولہاپور میں انتقال ہو گیا۔ وہ 91 برس کے تھے۔ وہ کانگریس کے سینئر رہنما رہے اور تریپورہ، بہار اور مغربی بنگال کے گورنر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔
ڈاکٹر پاٹل نے ملک بھر میں 180 سے زائد تعلیمی ادارے قائم کیے، جہاں ایک لاکھ سے زیادہ طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ تعلیم اور سماجی خدمت کے میدان میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومتِ ہند کی جانب سے پدم شری اعزاز سے نوازا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan