
نئی دہلی، 4 اگست(ہ س)۔ وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے غیر ملکی نامہ نگاروں کے کلب کی جانب سے 5 اگست کو منعقد کیے جانے والے پروگرام سے حکومتِ ہند کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اس پروگرام میں کیے جانے والے بیانات یا اظہارِ خیال سے حکومت کا کوئی واسطہ ہے۔وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا، ’یہ پروگرام ایک نجی میڈیا ادارے کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ حکومتِ ہند کا اس کے انعقاد میں کوئی کردار نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس پلیٹ فارم پر پیش کیے جانے والے کسی بھی خیال یا بیان کی تائید کرتی ہے۔‘قابلِ ذکر ہے کہ اگست 2024 میں عوامی احتجاج کے بعد بنگلہ دیش کی وزارتِ عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے بعد سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ بھارت میں مقیم ہیں۔ انہیں اقتدار سے ہٹائے جانے والی تحریک کی دوسری برسی کے موقع پر بدھ کے روز ایک ورچوئل خطاب کرنا ہے۔دو برس کے دوران یہ پہلا موقع ہوگا جب شیخ حسینہ عوامی طور پر سامنے آئیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ دسمبر 2026 تک بنگلہ دیش واپس جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت نے اپنے ملک کے ذرائع ابلاغ کو ہدایت دی ہے کہ جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے بیانات یا خطاب کو نشر یا عام نہ کیا جائے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan