
نئی دہلی، 04 اگست (ہ س)۔ وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن کو 13-12 ستمبر کو نئی دہلی میں ہونے والے 18ویں برکس سربراہی اجلاس کے رابطہ اجلاس (آوٹ ریچ سیشن) کے لیے بمسٹیک کے موجودہ صدر کے طور پر خصوصی دعوت نامہ دیا ہے۔ اس سے پہلے فروری 2026 میں ان کے عہدہ سنبھالنے پر بھی انہیں دو طرفہ دورے کا دعوت نامہ دیا گیا تھا۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا کہ برکس کے طے شدہ طریقہ کار کے تحت آسیان یا دیگر علاقائی تنظیموں کے سربراہوں کو رابطہ سرگرمیوں میں شامل کیا جاتا ہے۔
ترجمان نے کہا، ’’بنگلہ دیش کے وزیراعظم کو فروری 2026 میں عہدہ سنبھالنے پر ہندوستان کے دو طرفہ دورے کا باقاعدہ دعوت نامہ دیا گیا تھا۔ ہندوستان نے بمسٹیک کے موجودہ صدر کے طور پر بنگلہ دیش کے وزیراعظم کو نئی دہلی میں ہونے والے 18ویں برکس سربراہی اجلاس کے رابطہ اجلاس میں شرکت کے لیے الگ سے دعوت نامہ دیا ہے۔ یہ دعوت نامہ برکس میں رابطہ اجلاسوں کے لیے اپنائے جانے والے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق دیا گیا ہے۔ دیگر علاقائی تنظیموں کے سربراہوں کو بھی اسی طرح مدعو کیا گیا ہے۔‘‘
قابلِ ذکر ہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے ابھی تک دعوت نامہ قبول نہیں کیا گیا ہے۔ اسی سال فروری میں پڑوسی ملک میں اقتدار سنبھالنے کے بعد وہ ملیشیا اور چین کا دورہ کر چکے ہیں اور ہندوستان نہیں آئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن