سابق گورنر اور ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل کا91 برس کی عمر میں کولہاپور میں انتقال
پدم شری اعزاز یافتہ ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل نے تعلیم اور سماجی خدمات کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں ممبئی ، 4 اگست (ہ س): سابق گورنر، ممتاز ماہر تعلیم اور پدم شری اعزاز یافتہ ڈاکٹر گیان دیو یشونت راؤ پاٹل، المعروف ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل، منگل کی
DY PATIL OBITUARY


پدم شری اعزاز یافتہ ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل نے تعلیم اور سماجی خدمات کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں

ممبئی ، 4 اگست (ہ س): سابق گورنر، ممتاز ماہر تعلیم اور پدم شری اعزاز یافتہ ڈاکٹر گیان دیو یشونت راؤ پاٹل، المعروف ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل، منگل کی صبح 91 برس کی عمر میں کولہاپور کے قصبہ باوڑا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ چند روز سے علیل تھے اور گھر پر ہی زیر علاج تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی آخری رسومات منگل کو کولہاپور میں ادا کی جائیں گی۔

ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل 22 اکتوبر 1935 کو ضلع کولہاپور کے قصبہ باوڑا میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے عوامی زندگی کا آغاز کولہاپور سے کیا اور بعد ازاں تعلیم اور سماجی خدمات کے میدان میں غیر معمولی خدمات انجام دیتے ہوئے تعلیمی اداروں کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا، جس نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر شناخت حاصل کی۔ تعلیم کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات کے باعث انہیں ملک کے ممتاز ماہرین تعلیم میں شمار کیا جاتا تھا۔

انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز بلدیاتی سطح سے کیا۔ 1957 سے 1962 تک کولہاپور میونسپل کارپوریشن کے رکن رہے اور بعد ازاں میئر منتخب ہوئے۔ اس کے بعد 1967 اور 1972 میں پنہالا اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ تاہم 1978 کے اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد انہوں نے عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔

کانگریس پارٹی سے طویل وابستگی کے بعد نومبر 2009 میں انہیں تریپورہ کا گورنر مقرر کیا گیا۔ مارچ 2013 میں انہوں نے بہار کے گورنر کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ کچھ عرصے تک مغربی بنگال کے گورنر کا اضافی چارج بھی سنبھالا۔

تقریباً 45 برس کی عمر میں انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کو اپنی خدمات کا مرکز بنایا۔ 1983 میں نوی ممبئی میں ایک انجینئرنگ کالج قائم کر کے انہوں نے تعلیمی اداروں کا ایسا مضبوط سلسلہ قائم کیا، جس نے ملک اور بیرون ملک نمایاں مقام حاصل کیا۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ان کی خدمات کو وسیع پیمانے پر سراہا گیا۔

حکومت ہند نے 1991 میں تعلیم اور سماجی خدمات کے اعتراف میں انہیں پدم شری اعزاز سے نوازا۔ اپنی طویل عوامی زندگی میں ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل سادگی، خوش اخلاقی اور تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے لیے بھی جانے جاتے تھے۔ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل کے انتقال پر تعلیمی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان کی رحلت کو تعلیم، سماجی خدمت اور عوامی زندگی کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande