
نئی دہلی، 4 اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس اور انڈیا اتحاد پر پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔ بی جے پی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ایک اجلاس پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں، لیکن مانسون اجلاس شروع ہونے کے بعد سے وقفہ سوال نہیں چل سکا ہے، وقفہ صفر بھی متاثر ہو رہا ہے اور تقریباً کسی بھی بل پر بحث نہیں ہو پا رہی ہے۔
بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کانگریس پر دوہرا رویہ اپنانے کا الزام عائد کیا۔ پاترا نے کہا کہ جھارکھنڈ میں جے پی ایس سی امتحان کو لے کر ہزاروں طلبہ احتجاج کر رہے ہیں، لیکن کانگریس نہ تو ان کی حمایت میں آواز اٹھا رہی ہے اور نہ ہی پارلیمنٹ میں یہ معاملہ اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ہاتھوں میں اس مسئلے کو لے کر ایک بھی تختی نظر نہیں آئی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اس کی مخالفت صرف ’’سلیکٹیو آؤٹ ریج‘‘ ہے۔
سمبت پاترا نے کرناٹک پولیس کانسٹیبل بھرتی امتحان میں مبینہ پیپر لیک کے معاملے کو بھی اٹھایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب اس معاملے پر طلبہ نے احتجاج کیا اور پریانک کھرگے سے ذمہ داری لینے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے مبینہ طور پر کہا کہ پہلے طلبہ 25 دن تک بھوک ہڑتال کریں، پھر ان پر لاٹھی چارج ہوگا اور اس کے بعد وہ اپنے استعفے کی فکر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے پر راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے خاموش ہیں۔ پاترا نے کہا کہ راجیہ سبھا میں ملکارجن کھرگے نے اس معاملے پر طویل تقریر کی، جو مناسب ہے کیونکہ بحث ہونی چاہیے۔ لیکن جب کرناٹک میں ان کے بیٹے نے اسی معاملے پر مبینہ طور پر غیر حساس اور غیر انسانی بیان دیا، تب راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے دونوں نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں اہم بلوں پر بحث نہیں ہونے دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیدائش اور موت کے رجسٹریشن سے
متعلق ترمیمی بل، 2026 شہریوں کی پیدائش اور اموات کے اندراج سے متعلق اہم دفعات پر مشتمل بل ہے، لیکن کانگریس اور اس کے اتحادیوں نے اس پر ایک دن بھی بحث نہیں ہونے دی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کی جانب سے پیش کیا گیا بینکرز بکس ایویڈنس بل، 2026 بھی بینکنگ نظام سے وابستہ کروڑوں لوگوں کے مفاد سے متعلق ایک اہم بل ہے، لیکن ایوان میں مسلسل ہنگامے کی وجہ سے ملک کی عوام اس پر کوئی بامعنی بحث نہیں سن پا رہی ہے۔ اپوزیشن پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کرنے میں مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد