ایئر انڈیا کی پھوکیٹ سے دہلی آ رہی پرواز میں شدید ٹربولنس، 12 مسافر اور کرو ممبران زخمی، 7 اسپتال میں داخل
نئی دہلی، 04 اگست (ہ س)۔ تھائی لینڈ کے پھوکیٹ سے دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی-2379 منگل کو شدید ٹربولنس (ہوائی جھٹکوں) کی زد میں آ گئی۔ پرواز کے دوران اچانک آئے شدید جھٹکوں کے باعث 12 مسافر اور عملے کے اراکین زخمی ہو گئے۔ طیارے میں کل
ایئر انڈیا کا طیارہ، فائل فوٹو


نئی دہلی، 04 اگست (ہ س)۔ تھائی لینڈ کے پھوکیٹ سے دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی-2379 منگل کو شدید ٹربولنس (ہوائی جھٹکوں) کی زد میں آ گئی۔ پرواز کے دوران اچانک آئے شدید جھٹکوں کے باعث 12 مسافر اور عملے کے اراکین زخمی ہو گئے۔ طیارے میں کل 134 مسافر سوار تھے۔ طیارے نے دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر محفوظ لینڈنگ کی، جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد احتیاطاً ایئرپورٹ کے قریب واقع میڈیکل سینٹر بھیجا گیا۔ ساتھ ہی 7 مسافروں کو بہتر علاج کے لیے وسنت کنج کے فورٹس فلائٹ لیفٹیننٹ راجن ڈھل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ایئر انڈیا نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پرواز کے کروز مرحلے کے دوران طیارے کو اچانک شدید ٹربولنس کا سامنا کرنا پڑا، جس سے کچھ وقت کے لیے طیارے کی بلندی میں تبدیلی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم طیارہ محفوظ طریقے سے دہلی پہنچ گیا اور تمام مسافروں اور عملے کے اراکین کو محفوظ اتار لیا گیا۔

حادثے کے بعد مسافروں اور عملے کے اراکین کو چوٹیں آئی ہیں۔ ایئرپورٹ پر میڈیکل ٹیم نے تمام کا معائنہ کیا اور ضرورت مندوں کو علاج کے لیے میڈیکل سہولت میں بھیجا گیا۔ ایئر انڈیا نے کہا کہ مسافروں اور عملے کی سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ ایوی ایشن کمپنی کی ایک وقف رابطہ ٹیم اسپتال میں بھی موجود ہے، جو مریضوں کے علاج، دستاویزی عمل، دیگر انتظامات اور ان کے اہل خانہ سے رابطہ برقرار رکھنے میں اسپتال انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

فورٹس فلائٹ لیفٹیننٹ راجن ڈھل اسپتال کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ 7 زخمی مسافروں کو ایمرجنسی شعبے میں داخل کیا گیا ہے۔ اسپتال پہنچتے ہی تمام مریضوں کا فوری طبی معائنہ کر کے علاج شروع کیا گیا۔ مریضوں کی ابتدائی حالت مستحکم کرنے کے بعد اسپتال نے مربوط طبی نظام یقینی بنانے کے لیے ’کوڈ یلو‘ نافذ کیا۔ اس کے بعد مریضوں کی طبی ضرورت کے مطابق سی ٹی اسکین، ایم آر آئی اور ایکس رے کرایا گیا اور انہیں مزید نگرانی اور علاج کے لیے وارڈوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم تمام مریضوں کی صحت کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔

تکنیکی ٹیم اور متعلقہ حکام حادثے کی جانچ کر رہے ہیں۔ ایئر انڈیا نے کہا کہ وہ جانچ میں تمام متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

حادثے کے بعد مسافروں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرواز کے دوران اچانک طیارہ تیز جھٹکوں سے ہلنے لگا۔ ایک مسافر نے دعویٰ کیا کہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی پرواز کے بعد طیارہ دو سے تین منٹ تک مسلسل اوپر نیچے ہوتا رہا، جس سے کئی مسافروں کے سر اوپر لگے سامان رکھنے والے حصے سے ٹکرا گئے۔

ایک اور مسافر نے کہا کہ اچانک طیارہ کافی نیچے چلا گیا، جس سے سیٹ پر بیٹھے کئی مسافروں کے سر اوپر کی چھت سے ٹکرا گئے۔ کچھ مسافروں نے بتایا کہ اس وقت ایسا محسوس ہوا جیسے طیارہ پلٹنے والا ہو، جس سے طیارے کے اندر افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande