
محکمۂ موسمیات نے اگلے تین گھنٹوں کے لیے وارننگ جاری کی، آسمانی بجلی سے بچنے کی صلاح
پانی کی سطح میں اضافے کے درمیان انتظامیہ بھی چوکس
پریاگ راج، 30 اگست (ہ س)۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پریاگ راج سمیت اتر پردیش کے 32 اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ ریاست میں مانسونی سرگرمیاں ایک بار پھر متحرک ہونے لگی ہیں۔ اتوار کو محکمۂ موسمیات کے لکھنو مرکز نے پیشین گوئی کرتے ہوئے ایسی وارننگ جاری کی ہے۔ پریاگ راج سمیت کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ بعض مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ وارننگ کے مطابق سون بھدر، مرزا پور، چندولی، پریاگ راج، سنت روی داس نگر، وارانسی، غازی پور، جونپور، پرتاپ گڑھ، چترکوٹ، کوشامبی، فتح پور، رائے بریلی، امیٹھی، اعظم گڑھ، مئو، سلطان پور، ایودھیا، گورکھپور، سنت کبیر نگر، بستی، اناؤ، لکھنو، بارہ بنکی، ہردوئی، سیتا پور، بہرائچ، گونڈہ، مہاراج گنج، سدھارتھ نگر، بلرام پور اور شراوستی میں موسم خراب ہونے کا امکان ہے۔
چندر شیکھر آزاد یونیورسٹی آف ایگریکلچر اینڈ ٹیکنالوجی (سی ایس اے)، کانپور کے ماہرِ موسمیات ڈاکٹر ایس این سنیل پانڈے کے مطابق مانسونی سرگرمیوں اور فضا میں وافر نمی کے باعث ریاست کے کئی حصوں میں گرج چمک والے بادل تیار ہو رہے ہیں۔ ایسے میں مقامی سطح پر موسم میں اچانک تبدیلی آسکتی ہے اور کم وقت کے اندر تیز بوچھاریں پڑ سکتی ہیں۔ ڈاکٹر پانڈے نے بتایا کہ گرج چمک کے دوران لوگوں کو خصوصی احتیاط برتنی چاہیے۔ کھلے میدان، کھیت، تالاب اور ندی کے آس پاس جانے سے گریز کریں۔ درختوں، بجلی کے کھمبوں اورکمزورڈھانچوں کے نیچے کھڑے نہ ہوں۔ کسانوں کو بھی موسم صاف ہونے تک کھیتوں میں آبپاشی، کھاد اور کیڑے مار ادویات کے چھڑکاو سے بچنے کی صلاح دی گئی ہے۔
ادھر، پریاگ راج میں گنگا اور جمنا کے پانی کی سطح میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیزی سے اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ایسے میں بارش کی وارننگ کے درمیان ندی کے کنارے رہنے والے لوگوں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں خصوصی چوکسی ضروری ہو گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق ضلع کے تمام پشتے فی الحال محفوظ ہیں اور پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن