
نئی دہلی، 3 اگست (ہ س)۔
بھارتی ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی (ٹرائی) نے ملک میں موبائل وائس کال کے معیار کو بہتر بنانے اور صارفین کی براہِ راست شمولیت کو یقینی بنانے کے مقصد سے پیر کے روز ’ٹرائی مائی کال‘ موبائل ایپ کا نیا اور جدید (ری ویمپڈ) ورژن لانچ کیا۔
نئے ایپ کے ذریعے موبائل صارفین ہر وائس کال کے بعد اس کے معیار کو ایک سے فائیو اسٹار تک درجہ بندی (ریٹنگ) دے سکیں گے اور کال ڈراپ، آواز کا کٹنا، آڈیو میں تاخیر، کراس کنکشن اور کال کنیکٹ ہونے میں غیر معمولی تاخیر جیسی شکایات براہِ راست درج کرا سکیں گے۔
ٹرائی کے چیئرمین انیل کمار لاہوٹی نے ایپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اسے نیا ورژن کہا جا رہا ہے، لیکن عملی طور پر یہ ایک مکمل طور پر نیا اور جامع سسٹم ہے۔ اس کا مقصد صارفین کو رضاکارانہ طور پر اپنے وائس کال کے تجربے کا آسانی سے جائزہ لینے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کال ختم ہونے کے فوراً بعد ظاہر ہونے والے پاپ اپ کے ذریعے یا براہِ راست ایپ میں جا کر اپنی ریٹنگ درج کر سکتے ہیں اور نیٹ ورک سے متعلق مسائل کی اطلاع بھی دے سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے ایپ میں صارفین اپنے سابقہ فیڈ بیک کا ریکارڈ بھی دیکھ سکیں گے اور خود نیٹ ورک کوریج ٹیسٹ بھی کر سکیں گے۔ صارفین سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار ٹیلی کام کمپنیوں کو اپنے نیٹ ورک میں ہدف کی بنیادوں پر بہتری لانے میں مدد دیں گے، جبکہ ٹرائی ان معلومات کو اپنی سروس کوالٹی مانیٹرنگ کو مزید مو¿ثر بنانے کے لیے استعمال کرے گا۔
ٹرائی کی نو سال پرانی ’مائی کال‘ ایپ میں جدید اسمارٹ فونز، خصوصاً اینڈرائیڈ 12 اور اس سے اوپر کے ورژنز کے ساتھ تکنیکی مطابقت کے مسائل سامنے آ رہے تھے، اسی لیے ایپ کو مکمل طور پر نئے انداز میں تیار کیا گیا ہے۔
اس میں ’بھاشنی‘ پلیٹ فارم کے ذریعے کثیر لسانی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جس کی مدد سے مختلف ہندوستانی زبانیں بولنے والے صارفین آسانی سے اس کا استعمال کر سکیں گے۔
نئے ایپ میں اگر کوئی صارف کسی کال کو تین یا اس سے کم اسٹار دیتا ہے تو وہ مخصوص مسئلے، جیسے کال ڈراپ، آواز کا منقطع ہونا، ایکو، آڈیو میں تاخیر، کراس کنکشن، ایک طرف سے آواز نہ آنا یا کال کنیکٹ ہونے میں زیادہ وقت لگنا، کی نشاندہی بھی کر سکے گا۔
ایپ میں نیٹ ورک کوریج ٹیسٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس کے ذریعے صارف اپنے مقام پر دستیاب سگنل کی حقیقی کیفیت اور استعمال ہونے والی نیٹ ورک ٹیکنالوجی، جیسے 4جی یا 5جی، کی معلومات حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ انٹرایکٹو نقشے پر مقام کے لحاظ سے اپنی سابقہ ریٹنگ اور نیٹ ورک سے متعلق معلومات بھی دیکھی جا سکیں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ