
نئی دہلی، 3 اگست (ہ س)۔ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ ’سمندر پردکشنا‘ مہم کو کامیابی سے مکمل کرنے والے بھارتی فوج کے سیلنگ جہاز آئی اے ایس وی تریوینی کے مکمل خواتین پر مشتمل عملے کی تاریخی کامیابی ملک کے نوجوانوں، بالخصوص خواتین، کو بڑے خواب دیکھنے اور عزم و لگن کے ساتھ وطن کی خدمت کے لیے آگے بڑھنے کی تحریک دے گی۔
صدر جمہوریہ ہندنے پیر کے روز راشٹرپتی بھون میں آئی اے ایس وی تریوینی کے آل ویمن عملے سے ملاقات کی، جس نے ’سمندر پردکشنا‘ کے نام سے تینوں مسلح افواج کی مشترکہ عالمی بحری مہم کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے بعد ان سے ملاقات کی۔
راشٹرپتی بھون کے مطابق بھارتی فوج، بحریہ اور فضائیہ کی نو خواتین افسران پر مشتمل اس ٹیم نے 314 دنوں میں 25 ہزار سے زائد بحری میل کا سفر طے کیا۔ اس دوران ٹیم نے دنیا کے مشکل ترین بحری راستوں میں شمار ہونے والے چار سمندروں سے گزرتے ہوئے کیپ لیوِن (آسٹریلیا)، کیپ ہارن (جنوبی امریکہ) اور کیپ آف گڈ ہوپ (افریقہ) کا چکر لگایا اور عالمی بحری سفر کے تمام بین الاقوامی معیارات پورے کیے۔
صدرجمہوریہ ہند مرمو نے خواتین افسران کے حوصلے، صبر، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مہم بھارتی خواتین کی قائدانہ صلاحیت، خود اعتمادی اور مضبوط ارادے کی شاندار مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی کامیابی سے ملک کے نوجوانوں، خاص طور پر خواتین، کو نئی بلندیوں تک پہنچنے اور قوم کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب ملے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ’سمندر پردکشنا‘ بھارت کی پہلی تینوں مسلح افواج (بری فوج، بحریہ اور فضائیہ) کی مشترکہ مکمل خواتین پر مشتمل عالمی بحری مہم تھی، جس کا مقصد ناری شکتی، تینوں افواج کے باہمی اشتراک اور بھارت کی بحری صلاحیتوں کا عالمی سطح پر مظاہرہ کرنا تھا۔اس مہم کا آغاز 11 ستمبر 2025 کو ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا سے ہوا تھا۔ دیسی ساختہ سیلنگ جہاز آئی اے ایس وی تریوینی پر سوار ٹیم نے 314 دنوں میں تقریباً 25,500 بحری میل کا سفر مکمل کرنے کے بعد 22 جولائی کو ممبئی واپس آ کر اپنی تاریخی مہم اختتام پذیر کی۔اس مہم کے دوران ٹیم نے چار سمندروں کا سفر کیا، خطِ استوا کو دو مرتبہ عبور کیا اور دنیا کے تین مشہور بحری کناروں کیپ لیوِن، کیپ ہارن اور کیپ آف گڈ ہوپ کا چکر لگا کر عالمی بحری مہم کے تمام بین الاقوامی تقاضے کامیابی سے پورے کیے۔
اس تاریخی مہم کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل انوجا ورڈکر نے کی، جبکہ اسکواڈرن لیڈر شردھا پی راجو نائب مہم سربراہ تھیں۔ اس دستے میں بھارتی فوج، بحریہ اور فضائیہ کی مجموعی طور پر نو خواتین افسران شامل تھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan