
نئی دہلی، 3 اگست (ہ س)۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے پیر کے روز لاجپت نگر کے لاجپت بھون میں عظیم مجاہد آزادی، نامور سماجی کارکن، ماہر تعلیم اور صحافی اتکلمنی گوپ بندھو داس کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔
صدر جمہوریہ نے سب سے پہلے تقریب میں لوک سیوک منڈل کے بانی اور ایک عظیم مجاہد آزادی لالہ لاجپت رائے کے مجسمے کی گلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ریموٹ کا بٹن دبا کر اتکلمنی گوپ بندھو داس کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ یہ دہلی میں نصب کیا گیا گوپ بندھو داس کا پہلا مجسمہ ہے۔
گوپ بندھو داس نے اپنی پوری زندگی غریبوں، پسماندہ، یتیموں اور مصیبت زدہ انسانیت کی خدمت، تعلیم کے تبلیغ اور قوم کو بیدار کرنے کے لیے وقف کر دی۔ ان کی بے مثال خدمات کے لیے انہیں 'اتکلمنی' (اڑیسہ کا رتن) کے خطاب سے نوازا گیا۔
پروگرام میں صدر جمہوریہ کا استقبال لوک سیوک منڈل کے قومی صدر راج کمار چوپڑا اور قومی سکریٹری رامناتھ جھا نے گلدستہ پیش کر کے کیا۔
لوک سیوک منڈل کے میڈیا انچارج روی شنکر مشرا نے بتایا کہ مرکزی وزیر جوئل اورام، سابق مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، بی جے پی کے قومی نائب صدر بیجےانت پانڈا، ڈاکٹر سنتروپ مشرا اور دیگر عوامی نمائندے تقریب میں موجود تھے۔ دیپک مالویہ اور راجندر کمار جینا نے مہمانوں کا استقبال کیا اور سب نے اتکلمنی گوپ بندھو داس کے مجسمے پر گلپوشی کی۔
تقریب کے دوران صدر جمہوریہ نے لوک سیوک منڈل کے لائف ممبران اور عہدیداروں سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے ساتھ تصاویر بھی کھینچوائیں۔
اتکلمنی گوپ بندھو داس کے اہل خانہ، ملک کی مختلف ریاستوں کے سماجی کارکنان، ماہرین تعلیم، عوامی نمائندے اور عہدیدار اور لوک سیوک منڈل کے ممبران اس موقع پر موجود تھے۔ مقررین نے گوپ بندھو داس کی قوم کی خدمت، قربانی اورتعلیم کے نظریات کو یاد کیا اور ان کے نقش قدم پر چلنے کا عزم کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی