
نئی دہلی، 03 اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے جھارکھنڈ میں اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن سمیت مختلف بھرتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر ریاست کی ہیمنت سورین حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ جھارکھنڈ میں گزشتہ سات آٹھ برسوں میں اقربا پروری اور بدعنوانی کی وجہ سے مستحق نوجوان روزگار سے محروم ہو رہے ہیں اور آج احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔
جھارکھنڈ کے بھرتی امتحانات کے سلسلے میں پیر کو پارلیمنٹ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نشی کانت دوبے نے کہا کہ جھارکھنڈ کے طلبا کے مطالبات پوری طرح سے جائز ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ سات آٹھ برسوں میں جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن اقربا پروری اور بدعنوانی کی زد میں ہے، جس کی وجہ سے ریاست کے نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ہے اور وہ مسلسل احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔
نشی کانت دوبے نے کہا کہ جھارکھنڈ میں طلبا جے پی ایس سی اور جے ایس ایس سی بھرتی امتحانات میں بے ضابطگیوں پر کافی عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں، لیکن کوئی بھی ان کی شکایت کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کمیشن کے ارکان کا تقرر کانگریس اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے زیر اثر کیا گیا ہے، جس سے بھرتی کے عمل کی انصاف پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
بی جے پی ایم پی نے کہا کہ ریاست کے نوجوان نوکریوں کی تیاری میں برسوں گزارتے ہیں، لیکن بھرتی کے عمل سے متعلق مسلسل تنازعہ ان کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طلبا کی شکایات کی غیر جانبداری سے تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
حالیہ برسوں میں، جھارکھنڈ کو جے پی ایس سی اور جے ایس ایس سی کے ذریعے منعقد کیے گئے مختلف بھرتی امتحانات میں بار بار بے ضابطگیوں اور سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ امیدواروں، خاص طور پر وہ لوگ جو جے پی ایس سی کے کمبائنڈ سول سروسز امتحان اور بھرتی کے دیگر عمل میں شامل ہوئے ہیں، نے شفافیت پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا تھا۔ کئی معاملات میں تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ جھارکھنڈ میں بی جے پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی بھرتی کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں پر ریاستی حکومت کو گھیرا ۔ طلبا ایک بار پھر ان الزامات اور زیر التوا مطالبات کو لے کر احتجاج کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد