
نئی دہلی، 3 اگست (ہ س)۔
کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے طلبہ اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 8 اگست کو اتر پردیش کے پریاگ راج میں منعقد ہونے والے چھاتروں کی گونج پروگرام میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ لیک، رکی ہوئی بھرتیوں اور طلبہ پر پولیس کارروائی جیسے مسائل پر کانگریس نوجوانوں کی آواز اٹھاتی رہے گی اور انہیں انصاف دلانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
راہل گاندھی نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، نوکری نہیں ملے گی، تو سنگھاسن ہلے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوٹا اور دہرادون کے بعد اب چھاتروں کی گونج پریاگ راج پہنچ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پریاگ راج وہ شہر ہے جہاں لاکھوں نوجوان برسوں سے مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری کرتے ہیں۔ وہ درخواستیں جمع کراتے ہیں، امتحانی فیس ادا کرتے ہیں اور طویل عرصے تک بھرتی کے عمل کے مکمل ہونے کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔
راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے واقعات نے نوجوانوں کا حال برباد کر دیا ہے، جبکہ زیر التوا بھرتیوں نے ان کے مستقبل کو متاثر کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ حال ہی میں دہلی میں اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والے طلبہ پر لاٹھی چارج کیا گیا اور ان کے خلاف پیلٹ گن کا استعمال بھی کیا گیا۔راہل گاندھی نے طلبہ اور نوجوانوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ 8 اگست کو پریاگ راج میں منعقد ہونے والے چھاتروں کی گونج پروگرام میں بھرپور شرکت کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ