
وڈودرا، 3 اگست (ہ س)۔ گجرات کے ضلع وڈودرا کی مانجل پور اسمبلی نشست پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی کے امیدوار ستیش پٹیل نے کانگریس کے بھیکھا رباری کو 30,499 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔
کامیابی کے بعد بی جے پی امیدوار ستیش پٹیل نے کہا کہ مانجل پور کے عوام نے جس طرح مرحوم یوگیش پٹیل (یوگیش کاکا) کو اپنی محبت اور حمایت دی تھی، اسی طرح انہیں بھی بھرپور اعتماد، آشیرواد اور تعاون سے نوازا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا مانجل پور کے عوام اور پارٹی کارکنوں کے سر باندھا۔
کانگریس کے امیدوار بھیکھا رباری نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ووٹنگ کے آخری مرحلے میں بی جے پی کی جانب سے خوف کا ماحول پیدا کیا گیا، جس کا انتخابی نتائج پر اثر پڑا۔
قابلِ ذکر ہے کہ مانجل پور اسمبلی نشست پر 30 جولائی کو ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس انتخاب میں 37.05 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ پیر کے روز 19 مرحلوں کی ووٹوں کی گنتی کے بعد بی جے پی امیدوار ستیش پٹیل کو کامیاب قرار دیا گیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی بی جے پی نے مانجل پور اسمبلی نشست پر اپنا قبضہ برقرار رکھا اور مرحوم یوگیش پٹیل کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھانے میں کامیابی حاصل کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد