
سیول، 29 اگست (ہ س)۔ جنوبی کوریا، امریکا اور جاپان اگلے ماہ کے آغاز میں ایک بار پھر مشترکہ فوجی مشق کریں گے۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف (جے سی ایس) نے جمعہ کو بتایا کہ تینوں ممالک کی کثیر جہتی فوجی مشق ’فریڈم ایج‘ 7 سے 11 ستمبر تک جنوبی کوریا کے جنوبی ساحل کے قریب بین الاقوامی سمندری حدود میں منعقد ہوگی۔
جنوبی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق جے سی ایس نے بتایا کہ یہ مشق جزیرہ جیجو کے مشرق اور جنوب میں واقع سمندری علاقے میں ہوگی۔ اس دوران تینوں ممالک کی افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ کارروائیوں اور باہمی رابطہ و تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔جے سی ایس کے مطابق ’فریڈم ایج‘ ایک دفاعی نوعیت کی مشق ہے، جسے تینوں ممالک ہر سال شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل خطرات سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے مقصد سے منعقد کرتے ہیں۔یہ فوجی مشق ایسے وقت میں ہونے جا رہی ہے جب شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگرام کے حوالے سے امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کے درمیان سکیورٹی تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ’فریڈم ایج‘ کی تیاریوں کے درمیان جنوبی کوریا اور امریکا نے گزشتہ ہفتے اپنی دو طرفہ فوجی مشق ’الچی فریڈم شیلڈ‘ (یو ایف ایس) کا دائرہ محدود کر دیا تھا۔ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت کے بعد کیا گیا تھا۔ اسے شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کے امکانات بڑھانے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھا گیا۔
یو ایف ایس مشق میں تبدیلی کے بعد یہ سوال اٹھ رہا تھا کہ کیا امریکا اور جنوبی کوریا رواں سال جاپان کے ساتھ سہ فریقی فوجی مشق کریں گے یا نہیں۔ تاہم امریکی پیسیفک کمانڈ نے رواں ہفتے یونہاپ کو بتایا کہ تینوں ممالک ’فریڈم ایج‘ کی تیاریوں کے لیے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کر رہے ہیں۔
شمالی کوریا طویل عرصے سے جنوبی کوریا اور امریکا کے درمیان ہونے والی فوجی مشقوں کی مخالفت کرتا رہا ہے۔ پیانگ یانگ ان مشقوں کو ممکنہ حملے کی تیاری قرار دیتا ہے اور اتحادی ممالک کے اس مؤقف کو مسترد کرتا ہے کہ یہ مشقیں صرف دفاعی نوعیت کی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے بھی پینٹاگون کویو ایف ایس مشق میں تبدیلیاں کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی فوجی مشقیں شمالی کوریا کو ’’نامناسب اور دشمنانہ‘‘ پیغام دے سکتی ہیں۔ یہ مؤقف ایسے وقت سامنے آیا تھا جب ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
آئندہ ’فریڈم ایج‘ مشق میں امریکا کی جانب سے کون سے اہم فوجی وسائل اور پلیٹ فارم شامل ہوں گے، اس بارے میں فی الحال واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
گزشتہ سال ہونے والی مشق میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز شامل نہیں تھا۔ یہ پہلی مشق کے بعد پہلا موقع تھا جب امریکی کیریئر اسٹرائیک گروپ نے اس مشق میں حصہ نہیں لیا۔ اس وقت امریکی بحری وسائل کی مشرق وسطیٰ میں تعیناتی کو اس کی بڑی وجہ قرار دیا گیا تھا۔
’فریڈم ایج‘ مشق اگست 2023 میں امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے کیمپ ڈیوڈ سربراہی اجلاس کے اہم نتائج میں سے ایک تھی۔ اس کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو زیادہ منظم، ادارہ جاتی اور مستقل بنانا ہے۔اب تک ’فریڈم ایج‘ کی تین مشقیں جون اور نومبر 2024 اور گزشتہ سال ستمبر میں منعقد ہو چکی ہیں۔نئی سہ فریقی فوجی مشق کے ذریعے امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ شمالی کوریا اسے اپنے خلاف بڑھتے ہوئے فوجی دباؤ کے طور پر دیکھتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan