
نیپال میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سے 4 ہندوستانی بحفاظت نکالے گئے، 287 اب بھی لاپتہ
نئی دہلی، 29 اگست (ہ س)۔ نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد جاری راحت و بچاو مہم کے دوران ہفتہ کے روز ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سے چار ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق، ان چاروں کے جلد کاٹھمانڈو پہنچنے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے لاپتہ افراد کی شناخت اور بچاو مہم میں مدد کے لیے فارینسک اور سرنگ ریسکیو ماہرین کی ٹیمیں بھی نیپال بھیجی ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ رسوا میں ایک ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سے چار ہندوستانی شہریوں کو بچایا گیا ہے۔ یہ رپو کمار، چندرشیکھر نرجری، کرپا شنکر اور محمد منہاج الدین ہیں۔ ان کے جلد کاٹھامنڈو پہنچنے کی امید ہے۔
وزارت کی جانب سے بتایا گیا کہ متوفیان کی باقیات کی شناخت میں مدد کے لیے ہندوستان سے چھ رکنی فارینسک ماہرین کی ٹیم بھی نیپال پہنچنے والی ہے۔ یہ ٹیم ڈی این اے نمونوں کے تجزیے اور متوفیان کی شناخت میں نیپالی حکام کی مدد کرے گی۔
سرنگ بچاو مہم کے لیے بھیجی گئی خصوصی تکنیکی ٹیم بھی کاٹھمانڈو پہنچ چکی ہے۔ اس ٹیم نے جمعرات کو سرنگ ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا تھا اور جمعہ کو متاثرہ علاقے کا تفصیلی تخمینہ لگایا۔ ٹیم کی سفارش کی بنیاد پر ہندوستان سے خصوصی سرنگ ریسکیو آلات کے ساتھ ایک اور ٹیم کے ہفتہ کے روز نیپال پہنچنے کی امید ہے۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ ہفتہ کو چین کی جانب سے 120 ہندوستانی شہری نیپال میں داخل ہوئے ہیں۔ اس سے قبل بھی چین کی جانب سے پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ نیپال میں بچاو اور امدادی مہم چیلنجنگ حالات کے درمیان جاری ہے۔
وزارت کے مطابق، اب تک کل 88 ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے، جبکہ 287 ہندوستانی شہری لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستانی نژاد کے 128 افراد بھی لاپتہ بتائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ نیپال میں 26 اگست کو آنے والے تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بڑے پیمانے پر بچاو مہم چلائی جا رہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں سڑکوں، پلوں اور مواصلاتی نظام کو شدید نقصان پہنچنے کی وجہ سے بچاو ٹیموں کو کئی مقامات تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہندوستان مسلسل نیپال کے رابطے میں ہے اور امدادی سامان کے ساتھ طبی سہولیات، سرنگ ریسکیو اور دیگر تکنیکی مدد فراہم کر رہا ہے۔ وزارت خارجہ نے اس سے پہلے نیپال کو نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے دستے اور آلات بھیجنے کی بھی پیشکش کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن