
نئی دہلی، 29 اگست (ہ س)۔
قومی راجدھانی دہلی اور آس پاس کے شہروں میں کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی قیمت میں 3.89 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یہ اضافہ اندرپرستھ گیس لمیٹڈ (آئی جی ایل) نے کیا ہے اور نئی قیمتیں ہفتہ کی صبح 6 بجے سے نافذ ہو گئی ہیں۔
آئی جی ایل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہلی میں سی این جی کی قیمت 83.09 روپے سے بڑھ کر 86.98 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔اسی طرح نوئیڈا اور غازی آباد میں سی این جی کی نئی قیمت 95.59 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے۔ اتر پردیش کے شاملی اور میرٹھ میں سی این جی اب 95.47 روپے فی کلوگرام ملے گی۔
گروگرام میں سی این جی کی قیمت بڑھ کر 92.01 روپے فی کلوگرام جبکہ ہریانہ کے ریواڑی میں نئی قیمت 91.59 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔
آئی جی ایل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سی این جی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے گیس کا ایک بڑا حصہ درآمد شدہ مائع قدرتی گیس ((یل این جی) سے حاصل کیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق مغربی ایشیا میں تنازع شروع ہونے کے بعد ایل این جی کی اسپاٹ اور موجودہ مارکیٹ قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث سی این جی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ رواں سال سی این جی کی قیمتوں میں یہ پانچواں اضافہ ہے۔ اس سے قبل آئی جی ایل نے صرف 10 دن کے اندر چار مرحلوں میں سی این جی کی قیمت میں مجموعی طور پر 6 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کیا تھا۔تازہ اضافے کے بعد دہلی اور این سی آر میں سی این جی پر انحصار کرنے والے لاکھوں صارفین، خاص طور پر آٹو رکشا، ٹیکسی اور دیگر کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے اخراجات بڑھنے کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan