
نئی دہلی، 29 اگست (ہ س)۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کیرن رججو 31 اگست اور یکم ستمبر کو سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں ہونے والے غیر وابستہ تحریک(این اے ایم) کے پہلے سربراہی اجلاس کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی اعلیٰ سطحی یادگاری تقریب میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس اجلاس کا موضوع ’’غیر وابستگی کی وراثت: آج کی دنیا کے لیے اسباق‘‘ رکھا گیا ہے۔ بھارت غیر وابستہ تحریک کے بانی ارکان میں شامل ہے اور تحریک کے اصولوں اور اقدار کے تئیں اپنی وابستگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
غیر وابستہ تحریک میں اس وقت 121 ترقی پذیر ممالک شامل ہیں۔ تاریخی طور پر یہ تحریک ترقی پذیر ممالک کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتی رہی ہے۔ بھارت نے اس تحریک کے قیام اور اس کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
بلغراد میں ہونے والی اعلیٰ سطحی یادگاری میٹنگ میں غیر وابستگی کی وراثت اور موجودہ عالمی حالات میں اس کی معنویت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں تحریک کے بنیادی اصولوں اور بدلتے ہوئے بین الاقوامی حالات میں ان کے کردار پر بھی غور کیا جائے گا۔غیر وابستہ تحریک کی پہلی سربراہِ مملکت اور حکومت کی کانفرنس ستمبر 1961 میں بلغراد میں منعقد ہوئی تھی۔ بھارت کے اس وقت کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو تحریک کے اہم بانی رہنماؤں میں شامل تھے۔
تحریک کا بنیادی مقصد ایسے ممالک کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جو کسی فوجی اتحاد کا حصہ بنے بغیر اپنی آزاد خارجہ پالیسی اختیار کرنا چاہتے تھے۔بھارت نے غیر وابستہ تحریک کے پلیٹ فارم کے ذریعے ترقی پذیر ممالک کی خودمختاری، آزاد خارجہ پالیسی، پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی تعاون جیسے معاملات کو مسلسل آگے بڑھایا ہے۔موجودہ دور میں بھی بھارت غیر وابستہ تحریک کے اصولوں کو عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی مفادات کے لیے اہم سمجھتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan