
ساو پالو، 28 اگست (ہ س)۔ برازیلین کلب پالمیراس کے مڈفیلڈر جان ایریاس پٹھوں میں کھنچاو کی وجہ سے میراسول کے خلاف برازیلین سیری-اے مقابلے سے باہر ہو گئے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست پالمیراس کے لیے ایریاس کا زخمی ہونا ایک بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے۔
ایریاس کو بدھ کے روز کوپا ڈو برازیل میں سینٹوس کے خلاف پالمیراس کی 0-3 کی جیت کے دوران دائیں ران میں چوٹ لگی تھی۔ کلب نے جمعرات کی دیر رات ان کے زخمی ہونے سے متعلق تفصیلات جاری کیں۔
پالمیراس نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا، ’’جمعرات کو کیے گئے طبی معائنے میں جان ایریاس کی دائیں ران میں چوٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔‘‘
یوروگوئے کے ڈیفنڈر جواکون پیکریز بھی میراسول کے خلاف مقابلے میں مشکوک ہیں۔ ان کی دائیں ران میں سوجن ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔
کپتان گوستاوو گومیز کو فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔ سینٹوس کے خلاف مقابلے میں پٹھوں کے درد کی وجہ سے انہیں ہاف ٹائم پر میدان سے باہر لایا گیا تھا۔
پالمیراس 51 پوائنٹس کے ساتھ برازیلین سیری-اے کے پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے اور دوسرے نمبر پر موجود فلامینگو سے چھ پوائنٹس آگے ہے۔ فلامینگو کا ایک میچ باقی ہے۔
اس سے قبل پالمیراس نے واسکو ڈا گاما کو 1-4 سے ہرا کر اپنی برتری مضبوط کی تھی۔ جوس مینوئل لوپیز نے دو گول کیے، جبکہ وٹور روکے اور موریسیو نے ایک ایک گول کیا۔ لوپیز نے 47 ویں منٹ میں کھاتہ کھولا، جس کے بعد وٹور روکے نے پنالٹی پر گول کیا اور موریسیو نے ایک گھنٹے کے اندر تیسرا گول داغ دیا۔
لوپیز نے میچ ختم ہونے سے ایک منٹ قبل اپنا دوسرا گول کیا، جبکہ فاکنڈو کولیڈیو نے انجری ٹائم میں واسکو کے لیے تسلی بخش گول کیا۔
20 ٹیموں کے پوائنٹس ٹیبل میں واسکو 22 پوائنٹس کے ساتھ 19 ویں نمبر پر ہے۔ پچھلے راونڈ کے دیگر مقابلوں میں کوریتیبا نے کورینتھینز کو 1-2، شاپیکوئنس نے ساو پالو کو 0-1 اور براگانٹینو نے گریمیو کو 0-1 سے شکست دی۔ باہیا نے وٹوریا کو 0-2 سے شکست دی، جبکہ میراسول اور سینٹوس کا مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن