
نئی دہلی، 28 اگست (ہ س)۔
جنوبی افریقہ کی فاسٹ بولر اور آل راونڈر ماریز ن کپ نے ٹرانس جینڈر کرکٹر انایا بانگر کو آسٹریلیا کی کمیونٹی کرکٹ میں کھیلنے کی اجازت دینے کے کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے پر سخت اعتراض کیا ہے۔ کپ نے سوشل میڈیا پر اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انایا کو اس طرح کھیلنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
کپ نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر انایا کو کرکٹ آسٹریلیا سے ملی منظوری سے متعلق خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا، ”بالکل بے تُکا، ایسا نہیں ہونا چاہیے!“ ساتھ ہی انہوں نے ویمنز بگ بیش لیگ کے آفیشل اکاونٹ کو بھی ٹیگ کیا۔
یہ معاملہ سابق بھارتی کرکٹر اور بیٹنگ کوچ سنجے بانگر کی بیٹی انایا بانگر سے متعلق ہے۔ انایا نے تصدیق کی تھی کہ انہیں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کمیونٹی کرکٹ میں ان کی شرکت کے حوالے سے باضابطہ اطلاع ملی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے آسٹریلیا میں کسی کلب سے وابستہ ہو کر مسابقتی کرکٹ میں واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے۔
انایا نے رواں سال کے آغاز میں تھائی لینڈ میں جینڈر افِرمِنگ سرجری کرائی تھی۔ ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ کرکٹ آسٹریلیا سے کھیلنے کی اجازت ملنا ان کے لیے راحت اور خوشی کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایک وقت انہیں لگا تھا کہ وہ دوبارہ کرکٹ نہیں کھیل سکیں گی، لیکن اب انہیں ایک اور موقع ملا ہے۔
انایا نے اس سے قبل بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ سے رابطہ کیا تھا، لیکن انہیں کوئی باضابطہ جواب نہیں ملا۔ اس کے بعد انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا سے رجوع کیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی انٹیگریٹی چیف جیکی پارٹریج نے انہیں ان کی اہلیت کے حوالے سے واضح معلومات فراہم کیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مارچ 2027 تک انایا آسٹریلیا کی کسی بھی ریاست یا علاقے کی پریمیئر کرکٹ مقابلوں میں حصہ لے سکتی ہیں۔ ان مقابلوں کو ایلیٹ کرکٹ کے بجائے کمیونٹی کرکٹ کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ تاہم، مارچ 2027 سے ایلیٹ کرکٹ میں ان کی اہلیت کچھ شرائط پر منحصر ہوگی۔ اس کے لیے آسٹریلیا پہنچنے پر خون کے ٹیسٹ میں ان کے سیرم ٹیسٹوسٹیرون کی سطح 10 نینو مول فی لیٹر سے کم ہونا اور متعلقہ اہلیتی قوانین کو پورا کرنا ضروری ہوگا۔
بین الاقوامی سطح پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے موجودہ قوانین کے تحت مردانہ بلوغت سے گزر چکی ٹرانس جینڈر خواتین کو بین الاقوامی خواتین کرکٹ میں کھیلنے کی اجازت نہیں ہے۔
دوسری جانب، گھریلو کرکٹ میں ٹرانس جینڈر کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ پالیسی سامنے نہیں آئی ہے۔
انایا نے جینڈر ٹرانزیشن سے قبل ممبئی کی عمر کے مختلف زمروں کی کرکٹ میں حصہ لیا تھا۔ وہ سرفراز خان اور ان کے بھائی مشیر خان کے ساتھ بھی کرکٹ کھیل چکی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں انگلینڈ میں کلب کرکٹ کھیلنے کا بھی تجربہ ہے۔
ماریز ن کپ جنوبی افریقہ کے لیے اب تک 4 ٹیسٹ، 162 ون ڈے اور 126 ٹی20 بین الاقوامی میچ کھیل چکی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ