
دوسہ، 28 اگست (ہ س)۔
راجستھان کے دوسہ ضلع میں جمعہ کی صبح دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ کولوا تھانہ علاقے کے گڑلیا گاؤں کے قریب تیز رفتار سلیپر بس آگے چل رہے ٹرک میں جا گھسی۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور ڈرائیور کیبن بری طرح متاثر ہوا۔ حادثے میں بس ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ 21 مسافر زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق مائی مائی ٹریولس کی سلیپر بس گجرات کے احمد آباد سے دہلی جارہی تھی۔ گڑلیا گاؤں کے قریب بس آگے چل رہے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے بعد بس میں سوار مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ متعدد زخمی سڑک پر پڑے ہوئے ملے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے دیہاتی موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائی شروع کردی۔ اطلاع ملنے پر کولوا اور صدر تھانے کی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے متعدد ایمبولینسوں کی مدد سے زخمیوں کو دوسہ ضلع اسپتال پہنچایا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے میں بس ڈرائیور سریندر سنگھ راجپوت (46)، ستیہ نارائن نگر، امرے واڑی، احمد آباد کے رہنے والے، کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔حادثے کے بعد دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک متاثر رہا۔ پولیس نے کرین کی مدد سے تباہ شدہ بس اور ٹرک کو سڑک سے ہٹایا، جس کے بعد آمدورفت بحال کردی گئی۔
پولیس حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کررہی ہے۔ ابتدائی طور پر بتایا جارہا ہے کہ بس آگے چل رہے ٹرک سے پیچھے کی جانب سے ٹکرائی، تاہم حادثے کی اصل وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan