
ایم پی میں کونو کے جنگل سے 21 دن سے لاپتہ مادہ چیتا نروا بحفاظت ملی، واپس باڑے میں لائی گئی
بھوپال، 28 اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپور میں واقع مشہور کونو نیشنل پارک سے تقریباً 21 دن قبل لاپتہ ہونے والی جنوبی افریقہ سے لائی گئی مادہ چیتا نروا بالآخر بحفاظت مل گئی۔ اس کا سیٹلائٹ کالر کام نہیں کر رہا تھا، جس کی وجہ سے سگنل ملنا بند ہو گیا تھا۔ طویل تلاش کے بعد ٹیم نے نروا کا پتہ لگایا اور جمعہ کے روز اسے بحفاظت واپس باڑے میں چھوڑ دیا گیا۔
کونو نیشنل پارک کے فیلڈ ڈائریکٹر اتم کمار شرما نے جمعہ کو چیتا پروجیکٹ کی کامیابیوں کو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے نروا کی تلاش کو بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کالر سے سگنل نہیں ملنے کے باوجود ٹیم نے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔ تقریباً 21 دنوں تک اس کی لوکیشن کی ٹھوس معلومات نہیں مل سکی تھیں۔ فیلڈ ڈائریکٹر شرما نے بتایا کہ نروا کے کالر سے سگنل بند ہونے کے بعد اس کی نگرانی ایک چیلنج بن گئی تھی۔ مانسون کے دوران جنگل میں اس کی موجودگی اور مسلسل بدلتے موسم کے درمیان ٹیم کے سامنے اسے تلاش کرنے کا چیلنج تھا۔ بالآخر اس کی لوکیشن ٹریس کر لی گئی اور اسے بحفاظت واپس لایا گیا۔
نروا کے طویل عرصے تک ٹریس نہ ہونے اور کالر خراب ہونے کے سلسلے میں وائلڈ لائف ورکر اجے دوبے نے مرکزی وزیر مملکت برائے جنگلات و ماحولیات اور این ٹی سی اے کے ممبر سکریٹری کو تحریری شکایت بھی کی تھی۔ شکایت میں معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ اور کالر کی تکنیکی خرابی کی جانچ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ شکایت میں کونو میں اسنیفر ڈاگ ایلو اور روبی کی موت کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔ دونوں معاملات میں انتظامیہ کی مبینہ لاپروائی کی جانچ اور ذمہ دار افسران پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی کونو میں جنگلی جانوروں کے شکار کے معاملات کی آزاد ایجنسی سے جانچ کرانے کی بھی مانگ کی گئی ہے۔
نروا کے بحفاظت ملنے کے بعد فی الحال چیتا پروجیکٹ سے وابستہ افسران کے لیے یہ راحت کی خبر ہے۔ تاہم، اس کے کالر نے سگنل دینا کیوں بند کیا اور اتنے دنوں تک اس کی لوکیشن کیوں نہیں مل سکی، اس حوالے سے اٹھنے والے سوالات کے جوابات جانچ کے بعد ہی واضح ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن