
جموں،28 اگست (ہ س)۔
جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں گجر بکروال برادری سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ کمسن طالبہ سے مبینہ زیادتی اور اس کے بعد موت کے معاملے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔
ایسوسی ایشن کے قومی کنوینر ناصر کھویہامی نے کہا کہ کمسن طالبہ کے ساتھ اس کے اسکول کے ایک استاد نے کئی ماہ تک مبینہ طور پر زیادتی کی۔ معاملے میں استاد اور اس کے بھائی کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ مبینہ زیادتی، حمل، حمل ختم کرنے کی کوشش اور بچی کی موت سے متعلق حالات کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایسوسی ایشن نے پورے معاملے کی آزادانہ، جامع اور مقررہ مدت میں تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر تحقیقات کرائم برانچ یا کسی دیگر خصوصی ادارے کے حوالے کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
جے کے ایس اے نے تمام متعلقہ شواہد محفوظ کرنے اور ان کی فرانزک جانچ یقینی بنانے پر زور دیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق طبی و اسپتال ریکارڈ، پوسٹ مارٹم مواد، ڈی این اے اور فرانزک نمونے، برقی پیغامات، اسکول ریکارڈ، حاضری رجسٹر سمیت دیگر دستاویزی شواہد کی بھی مکمل جانچ ضروری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر